بارودی سرنگیں بچھانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں صمصام بخاری

ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، وزیر اطلاعات پنجاب


ویب ڈیسک June 08, 2019
ہر محب وطن شہری اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، صمصام بخاری فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات پنجاب صمصام علی بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بارودی سرنگیں بچھانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔


وزیر اطلاعات پنجاب صمصام علی بخاری نے عید الفطر کے دوران شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان اور افسران بلا تفریق ملک کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں، دھرتی ماں پر بیٹوں کی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے افواج پاکستان دفاع وطن کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ عید الفطر پر کوئٹہ اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردی قابل مذمت ہے، پاکستان میں بارودی سرنگیں بچھانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
صمصام علی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، ہر محب وطن شہری اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ، اس لیے اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ قومی امور پر ایک پیج پر آئیں، ملکی تحفظ اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔