پاک انڈونیشیا ترجیحی تجارتی معاہدے پر آج سے اطلاق کا اعلان

انڈونیشیا نے پاکستانی کینو کو کیڑوں سے پاک قرار دے کر پاکستانی کینو کو انڈونیشیا کی مارکیٹ تک رسائی بھی دیدی ہے۔


Khususi Reporter September 01, 2013
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر فروری 2012 میں دستخط ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر اتوار یکم ستمبر سے عملدرآمد شروع کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

اس ضمن میں وزارت تجارت کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر فروری 2012 میں دستخط ہوئے تھے تاہم اس معاہدے کو آپریشنلائز کرنے پر اتفاق اب ہوا ہے، اس معاہدے پر یکم ستمبر 2013 سے عملدرآمد شروع ہوگا۔ اعلامیے میں بتایا گیاکہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان پلانٹ قرنٹائن اور ایس پی ایس اقدامات کے حوالے سے باہمی شناخت کے معاہدے (ایم آر اے) پر بھی 30 اگست 2013 کو دستخط ہوگئے جس کے تحت انڈونیشیا نے کینو کے لیے پاکستان کو کیڑوں سے پاک (Pest Free) علاقہ قرار دے دیا ہے اور پاکستانی کینو کو انڈونیشیا کی مارکیٹ تک رسائی بھی دیدی ہے، اس کے علاوہ انڈونیشیا نے پاکستانی کینو جکارتہ کے تاننجنگ پورٹ کے ذریعے ترسیل کی بھی اجازت دیدی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ انڈونیشیا کی طرف سے پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے کیے جانے والے مذکورہ اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کو انڈونیشیا کی مارکیٹ تک رسائی ملے گی جس سے پاکستان کی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا۔ اعلامیے کے مطابق انڈونیشیا پاکستان ترجیحی تجارتی معاہدے کے تحت انڈونیشیا پاکستانی کینو کو زیرو ڈیوٹی پر انڈونیشیاکی مارکیٹ تک رسائی دی ہے۔



جبکہ تازہ پھلوں،کاٹن یارن، کاٹن فیبرکس، ریڈی میڈ گارمنٹس، سیلنگ فین، ٹیبل فین اور پیڈسٹل فین سمیت دیگر اقسام کے پنکھوں بیڈ منٹن، لان ٹینس ریکٹس سمیت دیگر کھیلوں کے سامان، چمڑے کی مصنوعات سمیت دیگر صنعتی اشیا کو ترجیحی ڈیوٹی ٹیرف پر انڈونیشیا کی مارکیٹ تک رسائی دے گا۔

اسی طرح پاکستان بھی انڈونیشیا کی تیار کردہ اشیا کو ترجیحی ڈیوٹی ٹیرف پر پاکستانی مارکیٹ تک رسائی دے گا جبکہ انڈونیشیا سے پام آئل کی درآمد کے لیے پاکستان انڈونیشیا کو وہ تمام سہولتیں، ڈیوٹی و ٹیکسوں میں رعایت دے گا جو پاکستان کی طرف سے ملائیشیا کو دی جارہی ہیں اور پاکستان ملائیشیا ترجیحی تجارتی معاہدے کے تحت جو ملائیشین پام آئل کی درآمد کے لیے سہولتیں حاصل ہیں وہی انڈونیشی پام آئل کو پاکستان میں درآمد کے لیے حاصل ہوں گی ۔اعلامیے کے مطابق انڈونیشیا کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ پاکستان کی آسیان ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

مقبول خبریں