بیلز نہ گرنے کا پانچواں واقعہ، ڈیوڈ وارنر بھی فائدہ پانے والوں میں شامل

اسپورٹس ڈیسک  پير 10 جون 2019
 آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کی 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پر بھی بیلز صرف ہل کررہ گئی تھیں۔ فوٹو : فائل

آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کی 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پر بھی بیلز صرف ہل کررہ گئی تھیں۔ فوٹو : فائل

 لندن:  ورلڈ کپ میں اسٹمپس پر گیند لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اتوار کو اوول میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی بولر جسپریت بمرا کی گیند کو آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے اپنی اسٹمپس میں دے مارا مگر حیران کن طور پر بیلز اپنی جگہ سے نہیں ہلیں جس پر وہ آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔ یہ رواں میگا ایونٹ میں پانچواں موقع ہے جب کوئی بیٹسمین صرف بیلز نہ گرنے کی وجہ سے میدان بدر ہونے سے بچ رہا ہے، ایک روز قبل ہفتے کو انگلینڈ کے بین اسٹوکس نے بنگلہ دیشی کرکٹر محمد سیف الدین کو تقریباً بولڈ کردیا تھا مگر گیند اسٹمپس پر لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے پر وہ مایوسی سے سر ہلا کر رہ گئے۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کی 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پر بھی بیلز صرف ہل کررہ گئی تھیں، جس پر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ریویو پر آئوٹ ہونے سے محفوظ رہے تھے۔ آئی سی سی اس کی وجہ زنگ بیلز کو قرار دیتی ہے جس کے اندر فلیشنگ لائٹس موجود ہونے کی وجہ سے اس کا وزن زیادہ ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل آئی پی ایل میں بھی کئی بار اسٹمپس سے گیند لگنے کے باوجود بیلز نہیں گریں مگر اب یہ معاملہ زیادہ گھمبیر ہوتا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔