سابق آئی سی سی ٹیسٹ امپائر ریاض الدین انتقال کرگئے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 11 جون 2019
ریاض الدین کو کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارڈ ڈسیز لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے، فوٹو: فائل

ریاض الدین کو کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارڈ ڈسیز لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے، فوٹو: فائل

 کراچی: آئی سی سی کے سابق ٹیسٹ امپائر ریاض الدین حرکت قلب بند ہونے کے سبب انتقال کر گئے۔

61 سالہ ریاض الدین کو گھر میں طبیعت خرا ب ہونے پر کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارڈ ڈسیز لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے، ریاض الدین کو پاکستان کے سب سے کم عمر ٹیسٹ امپائر  ہونے کا اعزاز حاصل تھا جبکہ انہوں نے سب سے زیادہ فرسٹ کلاس میچز میں امپائرنگ کا بھی ریکارڈ اپنے نام  کیا تھا۔

انہوں نے 1990 سے 2002 کے دوران مجموعی طور پر 12 ٹیسٹ میچز اور اتنے ہی  ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کی،15 دسمبر 1958 کو پیدا ہونے والے ریاض الدین 15 دسمبر2018 کو ریٹائرڈ ہوگئے تھے، وہ کراچی کرکٹ کی سیاست میں بہت زیادہ فعال تھے، زون ایک سے تعلق رکھنے والے ریاض الدین کے سی سی اے میں ہم خیال گروپ کے قائد تصور کیے جاتے تھے۔

دریں اثنا کے سی سی اے کے صدر ندیم عمر اور زون ون کے صدر جلالدل الدین و دیگر نے ریاض الدین کے انتقال  پر گہرے رنج و غم کا اظہار  کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔