دنیا بھر میں انسٹا گرام کے صارفین کو پریشانی کا سامنا

ویب ڈیسک  جمعـء 14 جون 2019
انسٹا گرام امریکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں تعطل کا شکار رہا (فوٹو : فائل)

انسٹا گرام امریکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں تعطل کا شکار رہا (فوٹو : فائل)

سماجی رابطے کی مقبول ایپ انسٹا گرام وقفے وقفے سے تعطل کا شکار رہی جس کی وجہ سے صارفین کو شدید کوفت کا سامنا رہا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں بیشتر علاقوں میں انسٹا گرام صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا جب کہ جن لوگوں کے اکاؤنٹس لاگ ان ہوگئے وہ بھی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے سے قاصر رہے۔

انسٹا گرام کی سروس جن ممالک میں متاثر ہوئی یا تعطل کا شکار رہی ان میں شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپی ممالک، ایشیائی ممالک، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ انسٹاگرام انتظامیہ نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہونے والی سروس کی معطلی کو جلد از جلد بحال کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دنیا بھر میں سوشل میڈیا ویب پلیٹ فارم کی فراہمی کے تکنیکی معاونت کرنے اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار سے واقف ویب سائٹ ڈاؤن ڈٹیکٹر نے دعویٰ کیا کہ مشرقی اور مغربی ساحلوں میں سروس تعطل کا شکار رہی۔ قبل ازیں پلے اسٹیشن کی سروس بھی بند ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ 8 سال قبل شروع ہونے والے سوشل میڈیا کے اس پلیٹ فارم نے دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرتے ہوئے اپنے مخالفین کو پیچھے چھوڑ دیا اور محض 8 سال میں اس کے صارفین کی تعداد 1 بلین سے تجاوز کرگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔