محکمہ صحت کا ڈنگی کے مریضوں کو مفت پلیٹ لیٹس کی فراہمی کا اعلان

ڈنگی وائرس سے متاثرہ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو قومی ادارہ برائے امراض خون تصدیق شدہ نسخے پر پلیٹ لیٹ۔۔۔


Staff Reporter September 04, 2013
ڈنگی وائرس سے متاثرہ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو قومی ادارہ برائے امراض خون تصدیق شدہ نسخے پر پلیٹ لیٹ دے گا، محکمہ صحت نے ادارے سے معاہدہ کرلیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: محکمہ صحت سندھ نے ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کو پلیٹ لیٹ کی مفت فراہمی کا اعلان کیا ہے، متاثرہ مریض کسی بھی سرکاری اسپتال میں داخل ہونے کی صورت میں قومی ادارہ برائے امراض خون (نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز) حسن اسکوائرکے نام ڈاکٹرکا نسخہ لیکر پلیٹ لیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت نے قومی ادارہ برائے امراض خون سے مفاہمتی معاہدہ کیا ہے،سیکریٹری صحت جام انعام اللہ دھاریجو نے بتایا کہ کراچی سمیت صوبے میں شہری ڈنگی وائرس سے متاثر ہورہے ہیں اور ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کو دوران علاج پلیٹ لیٹس کی شدید ضرورت ہوتی ہے اورنجی شعبے میں پلیٹ لیٹس کی خریداری غریب مریضوں کی دسترس سے باہر ہے اس لیے صوبائی وزیر صحت سید اویس مظفر کی ہدایت پرکراچی سمیت صوبے کے ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کو پلیٹ لیٹس کی مفت فراہمی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جس پر صوبائی محکمہ صحت نے حسن اسکوائر پر واقع قومی ادارہ امراض خون سے متاثرہ مریضوں کو پلیٹ لیٹس کی مفت فراہمی کیلیے معاہدہ کیا ہے۔

پلیٹ لیٹس کے حصول کیلیے متاثرہ مریض کے کسی بھی سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہونے اور مذکورہ اسپتال کے ڈاکٹر یا انتظامیہ کی جانب سے قومی ادارہ امراض خون کے نام تصدیق شدہ لیٹر ساتھ لانا لازمی ہوگا مذکورہ خط (لیٹر) دکھا کر قومی ادارہ برائے امراض خون سے پلیٹ لیٹس بلامعاوضہ حاصل کیے جا سکیں گے۔



سیکریٹری صحت نے بتایا کہ وزیر صحت سید اویس مظفرکی ہدایت پر ڈنگی کے مریضوں کو تشخیص اور مکمل علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ڈنگی سے کے متاثرہ مریضوں کی جان بچانے کیلیے پلیٹ لیٹس کی شدید ضرورت ہوتی ہے جبکہ متاثرہ مریض اور اس کے اہلخانہ پلیٹ لیٹس کے حصول کیلیے پریشان ہوتے ہیں لہذا وزیر صحت کی ہدایت پر متاثرہ مریضوں کو علاج کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

سیکریٹری صحت انعام اللہ دھاریجو نے بتایا کہ کراچی میں ڈنگی وائرس پر قابو پانے کیلیے نئی دوا ٹیمی فاسٹ سے جلد اسپرے مہم شروع کی جائیگی، قومی ادارہ برائے امراض خون کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ صوبائی محکمہ صحت نے ڈنگی سے متاثرہ مریضوں کو بلامعاوضہ پلیٹ لیٹس کی فراہمی کی درخواست کی ہے۔ انھوں نے متاثرہ مریضوں سے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری اسپتال میں ڈنگی وائرس کے متاثرہ مریضوں کو پلیٹ لیٹس کی فراہمی مفت کی جائیگی لیکن متاثرہ مریض کوسرکاری اسپتال میں زیر علاج ہونے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا اور اس کے لیے وہ سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر یا انتظامیہ سے تصدیقی خط (لیٹر) لے کر قومی ادارہ برائے امراض خون اسپتال لائیں متاثرہ مریض کو پلیٹ لیٹس فراہم کیے جائیں گے۔