ہیٹ ویو کا خاتمہ، سمندر کی 4 روز سے معطل ہوائیں بحال

اسٹاف رپورٹر  بدھ 19 جون 2019
ماہی گیروں کے سمندرمیں جانے کی پابندی ختم،آج پارہ 37ڈگری رہے گا،3روزمیں شہرکاموسم گرم مرطوب اورجزوی ابرآلود رہے گا
 فوٹو: فائل

ماہی گیروں کے سمندرمیں جانے کی پابندی ختم،آج پارہ 37ڈگری رہے گا،3روزمیں شہرکاموسم گرم مرطوب اورجزوی ابرآلود رہے گا فوٹو: فائل

کراچی: شہر میں غیر معمولی گرمی کا سبب بننے والے ہیٹ ویو کا خاتمہ ہوگیا جب کہ سمندر کی 4روز سے معطل ہوائیں بحال ہوگئیں۔

جنوب مغربی ہوائیں بحال ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے،سمندری طوفان وائیو ڈپریشن میں تبدیل ہونے کے بعد گجرات بھارت کے ساحلی علاقے کو عبور کرگیا،ماہی گیروں پر سمندر میں جانے پر عائد پابندی ختم ہوگئی۔

آج(بدھ)کو شہر کا پارہ 35سے37ڈگری کے درمیان رہنے اور ہوا میں نمی کاتناسب بڑھنے کی وجہ سے موسم معمولی گرم مرطوب رہنے کا امکان ہے،شہر کے موسم کو معتدل رکھنے والی سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں لگ بھگ 100گھنٹوں کی بندش کے بعد منگل کو دن کے وقت بحال ہوگئیں۔

گذشتہ 4روز سے سمندری ہوائیں شمالی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان وائیو کی وجہ سے بند تھیں،جس کے سبب بلوچستان کی گرم وخشک شمال مغربی وشمال مشرقی ہوائیں چلیں،گذشتہ دو روز سے شہر میں جنوب مشرقی سمت کی ہوائیں چلیں، جو شمال مغربی ہواؤں کے مقابلے میں قدرے بہتر رہی تاہم منگل کو طویل وقت سے رکی سمندری ہوائیں چلنے کے بعد موسم میں گذشتہ کئی روز کے مقابلے میں کافی حد تک بہتری محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت29.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 73فیصد جبکہ شام کے وقت 62 فیصد ریکارڈ ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہواؤں کی رفتار 28کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پیرکو رات گئے جاری کیے گئے،آخری الرٹ کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں ڈپریشن سے طوفان کی شکل اختیار کرنے والا سسٹم واپس ڈپریشن کی شکل  اختیار کرگیا،جو پیربعدازاں پیر کی صبح بھارت گجرات کوانتہائی کم درجے کی حالت میں عبور کرگیا۔

چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق طوفان وائیو نے بھارتی گجرات میں بارشوں کا سبب بنا ہے،کراچی اوراندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں اب اس کے اثرات زائل ہورہے ہیں اور اگلے چند روز کے دوران گرمی کے سلسلے میں توازن رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق 20جون کے بعد شہر کا مطلع جذوی اور مکمل ابرآلود رہنے کا امکان ہے اورقبل از مون سون جس کا دورانیہ 15جولائی سے 15ستمبر کے درمیان ہے،اس سے قبل بھی موسم کی صورتحال کو بہتر دیکھ رہے ہیں،جس کے دوران حدت کے ساتھ سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی بھی توقع کررہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق اگلے 3روز کے دوران شہر کا مطلع مرطوب جبکہ جذوی طورپر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔