جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہراسانی کی شکایت کرنے پر خاتون پروفیسر کو عہدے سے ہٹادیاگیا

ڈسپلنری کمیٹی نے میرے حق میں فیصلہ دیا مگر وائس چانسلر نے مجھے عہدے سے ہٹا دیا، متاثرہ ٹیچر


ویب ڈیسک June 19, 2019
ڈسپلن کمیٹی نے طالبعلم کو معطل کر کے یونیورسٹی میں داخلہ بند کر دیا تھا فوٹوفائل

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ہراسانی کی شکایت کرنے کا ازالہ کرنے کے بجائے خاتون ٹیچر کو ہی عہدے سے ہٹادیا۔

فیصل آباد کی جی سی یونیورسٹی انتظامیہ نے ہراسانی کی شکایت کرنے پر شعبہ ابلاغ عامہ کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سلمیٰ عمبر کو ہی عہدے سے ہٹادیا، ڈاکٹر سلمیٰ عمبر نے یونیورسٹی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف عدالت میں رٹ دائرکر دی۔

ڈاکٹر سلمیٰ نے ایک طالب علم کے خلاف ہراساں کرنے کی شکایت درج کرائی تھی جس پر تحقیقات ہوئیں اور ڈسپلن کمیٹی نے جرم ثابت ہونے پر ہراسانی میں ملوث طالبعلم کو معطل کر کے یونیورسٹی میں داخلہ بند کردیا تھا۔ ڈاکٹر سلمیٰ نے رٹ میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ڈسپلنری کمیٹی نے میرے حق میں فیصلہ دیا مگر وائس چانسلر نے مجھے ہی عہدے سے ہٹا دیا۔

ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ایم فل کے طالبعلم وسیم نواز نے 15 مئی کو ڈاکٹر سلمیٰ عمبر کے دفتر اور برآمدے میں انہیں گالیاں دیں تھیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں طالبعلم کو جھگڑا کرتے اور ہنگامہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔