نوازشریف کے خلاف جو کھیل کھیلا گیا جلد سامنے آجائے گا، مریم نواز

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2019
عوام کے حقیقی نمائندے نواز شریف کو انصاف دلوا کر رہوں گی۔ اگر، مریم نواز۔ فوٹو : فائل

عوام کے حقیقی نمائندے نواز شریف کو انصاف دلوا کر رہوں گی۔ اگر، مریم نواز۔ فوٹو : فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ بہت جلد عوام کے سامنے آ جائے گا کہ نواز شریف کے ساتھ کیا کھیل کھیلا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کی درخواست مسترد کردی ہے، نوازشریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ کیا کھیل کھیلا گیا بہت جلد عوام کے سامنے آ جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک میں عوام کی حاکمیت کی بات کی اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے ڈٹ گئے، اور ان  پر ہی انصاف کے دروازے بند کر دیئے گئے، لیکن یہ یاد رہے کہ   کفر کا نظام تو چل سکتا ہے، ظلم کا نہیں، ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اس ظلم کے خلاف آواز اٹھاؤں گی، لڑوں گی اور آخری حد تک جاؤں گی،عوام کے حقیقی نمائندے نواز شریف کو انصاف دلوا کر رہوں گی۔ اگر مجھے بھی جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دو، قید کرنا ہے تو کر دو، ان  حربوں سے تم ڈرتے ہو، میں نہیں، بہت جلد عوام کے سامنے آ جائے گا کہ نواز شریف کے ساتھ کیا کھیل کھیلا گیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نوازشریف سمیت ضمیر کے بہت سے قیدی کال کوٹھڑیوں میں ہیں، جمہوری قدریں، حق کی آوازیں میڈیا کی آزادی، بے لاگ انصاف، قانون کی حکمرانی اور اظہار رائے کا حق سب کچھ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، نواز شریف سمیت زنجیروں میں جکڑے ان سب قیدیوں کیلیے لڑوں گی، اور مجھے یقین ہے کہ عوام کی عدالت نہ کسی کے دباؤ میں آتی ہے اور نہ ہی  ناانصافی کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔