یہ بجٹ منظور ہونے سے جرائم اور غربت بڑھے گی سراج الحق

آج تک نیب، سپریم کورٹ اور حکومت نے پاناما پیپرز میں شامل باقی لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی


Numainda Express June 21, 2019
پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے 10 سال میں جتنا قرض لیا پی ٹی آئی نے 10 ماہ میں ان سے زیادہ قرضہ لیا (فوٹو: فائل)

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بجٹ غریب کی جھونپڑی پر خودکش حملہ ہے، بجٹ پر ہمارے ساتھ پانچ منٹ کی مشاورت بھی نہیں ہوئی، بجٹ میں صرف ریونیو کلیکشن کی بات ہے، اسد عمر کو ہٹاکر آئی ایم ایف کا کارندہ بٹھایا گیا۔

سینیٹ میں بحث کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ تاریخ کا واحد بجٹ ہے جس پر سب کا اتفاق ہے کہ اسے مسترد کرنا چاہیے، سرفراز کی قیادت میں کرکٹ ٹیم نے جس طرح شکست کھائی ہے اس سے بڑھ کر شکست ہماری معاشی ٹیم نے کھائی ہے، یہ بجٹ غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے، یہ شیطانی اور دجالی جال ہے جس میں ہم پھنس گئے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ بجٹ پاس ہوتا ہے تو نہ صرف جرائم میں اضافہ ہوگا بلکہ کرپشن اور غربت بھی بڑھے گی، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے 10 سال میں جتنا قرض لیا پی ٹی آئی نے 10 ماہ میں ان سے زیادہ قرضہ لیا، 10 مہینوں میں 5 لاکھ افراد بے روز گار ہوگئے، آج کسان، مزدور، طالب علم رو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ سیمنٹ کی قیمت میں کیوں اضافہ ہوا؟ سیمنٹ جس پتھر سے بنتا ہے اس کے یہاں بڑے بڑے پہاڑ ہیں اسی طرح چینی کی قیمت بڑھا کر ملز مالکان کو فائدہ پہنچایا گیا، اس کی تحقیقات کے لیے بھی کمیشن بنایا جائے، حکومت نے ایچ ای سی کے بجٹ میں 50 فیصد کمی کردی اور اب ایچ ای سی نے فیسوں میں اضافے اور لوگوں کو نکالنے کا عندیہ دے دیا ہے، حکمران ہر جگہ کہتے ہیں ہماری قوم ٹیکس چور ہے حالانکہ مزدور بھی 42 قسم کا ان ڈائریکٹ ٹیکس ادا کر رہا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ احتساب کا آغاز اپنی پارٹی سے ہونا چاہیے، چور حکومت کا ہو یا اپوزیشن کا ہو چور ہوتا ہے احتساب سب کا ہونا چاہیے، پاناما پیپرز کے 436 افراد کا بھی احتساب کیا جائے، آج تک نیب، سپریم کورٹ اور حکومت نے پاناما پیپرز میں شامل باقی لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

مقبول خبریں