بیوی کے قتل کو جنات کی کارستانی قرار دینے والا شوہر گرفتار

ملزم نے بیوی کو فون پر زیادہ بات چیت کرنے سے منع کیا تھا جس پر جھگڑا ہوا


Staff Reporter June 22, 2019
22 سالہ وردہ کو اکرام نے طیش میں آ کر گلے میں پھندا لگا کر قتل کر دیا ، پولیس

پیر آباد پولیس نے گھریلو جھگڑے میں بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں شوہر کو گرفتار کر لیا ملزم نے بیوی کی ہلاکت کو جنات کی کارستانی قرار دیا تھا۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیر آباد کے علاقے فرنٹیئر کالونی شیخانہ آباد قاسم خٹک ڈسپینسری کے قریب رہائش پذیر اکرام اللہ نامی شخص اپنی اہلیہ 22 سالہ وردہ کی لاش لے کر سول اسپتال گیا تھا جہاں اس نے بتایا کہ اہلیہ کی اچانک طبعیت خراب ہونے سے اس کی موت واقعے ہوگئی۔

تاہم جب پولیس کو واقعے کی اطلاع ملی تو پولیس بھی سول اسپتال پہنچ گئی ایس ایچ او پیر آباد امجد کلیار خاتون کی رہائش گاہ گئے اور جائے وقوع کا معائنہ کرتے ہوئے اس کے شوہر اکرام اللہ کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے اہلیہ کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ورادہ کو موبائل فون پر زیادہ بات چیت کرنے سے منع کیا۔

جس پر اس کا بیوی سے جھگڑا ہوگیا بعدازاں اس نے طیش میں آکر اس کے گلے میں پھندا لگا کر قتل کر دیا، شوکت کھٹیان نے بتایا کہ مقتولہ ابراہیم حیدری ریڑھی گوٹھ کی رہائشی تھی جس کی ملزم اکرام اللہ سے گزشتہ سال 23 دسمبر کو شادی ہوئی تھی جبکہ ملزم سائٹ کے علاقے میں واقع ٹیکسٹائل مل میں کام کرتا ہے۔

مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کے داماد نے بیٹی کی ہلاکت کے حوالے سے بتایا کہ اس پر اثرات تھے اور تمہاری بیٹی کو رات سوتے میں جنات نے مار دیا ہے، پولیس نے مقتولہ کے والد محمد عارف کی مدعیت میں ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔