بجٹ میں شہری سندھ کو نظر انداز کیا گیا خالد مقبول

پی پی نے متعصبانہ رویے سے سندھ کو تقسیم اور کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کر دیا


Staff Reporter June 22, 2019
پانی کے تمام منصوبے کرپشن کا شکار ہیں، ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس (فوٹو: فائل)

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جبکہ سندھ کے شہری علاقے 10 سالوں سے معاشی دہشت گردی کا شکار ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کافی عرصے سے شہری اور دیہی علاقوں کو مکمل نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اس بار بھی سندھ کے صوبائی بجٹ میں شہری علاقوں کو مکمل یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ایم کیوایم پاکستان صوبائی بجٹ میں شہری سندھ کو مکمل نظر انداز کرنے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنی تقریر میں خبردار کرتے ہوئے متعصبانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے بڑی اور چھوٹی تعداد کا ذکر کیا، آج ایم کیو ایم پاکستان ان کو باور کراناچاہتی ہے کہ ہم محدود نشستوں کے باوجود بھی شہری سندھ کی نمائندہ اور سب سے بڑی سیاسی جماعت ہیں اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ سندھ کی یہ چھوٹی تعداد ہی پورے سندھ اور پاکستان کو 70فیصد ریونیو جمع کر کے پاکستان اور سندھ کو چلاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد پر پُرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینرکنور نوید جمیل، ڈپٹی کنوینر و میئر کراچی وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی اظہار الحسن، محمد حسین، محفوظ یار خان اور ڈپٹی میئر کراچی ارشد حسن ودیگر بھی موجود تھے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی وفاق کو70فیصد ریوینو دیتا ہے اور کراچی سندھ کو 95 فیصد دیتا ہے لیکن کراچی کو صرف 10فیصد حصہ دیا جاتا ہے۔

سندھ کے شہر ی علاقوں میں تر قی صرف ایم کیو ایم کے ادوار میں ہوئی، پاکستان پیپلز پارٹی اپنے متعصبانہ رویے سے سندھ کو تقسیم کر چکی ہے، پی پی پی کی نسل پرست حکومت نے کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کر کے رکھ دیا ہے، ڈپٹی کنوینر و میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کے ایم سی کو جو بجٹ دیا جاتا ہے وہ صرف ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ ہو جاتا ہے اور رمضان میں عید کی خوشیوں پر ہم ملازمین کو سندھ حکومت کی وجہ سے تنخواہ نہیں دے سکے۔

پیپلز پارٹی نے ہر دور میں کراچی کے ساتھ زیادتی کی ہے، رکن رابطہ کمیٹی و ممبر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ا یم کیو ایم کے ساتھ تعصب کا رویہ گزرے 11سالوں میں آپ کے سامنے ہے، ایم کیو ایم کو مشرف دور میں بھی اس طرح پیسے نہیں ملے جس طرح لا ڑکانہ کے نام پر پیسے بٹورے گئے ہیں، کے فور کا منصوبہ کرپشن اور سازش کے طفیل چل رہا ہے اور پانی کا ایک قطرہ بھی اب تک کراچی کو نہیں ملا، چیف جسٹس ہائی کورٹ چیف منسٹر کی تقریر پر سوموٹو ایکشن لیں۔