نواب شاہ؛ پولیس کے رویے نے نوبیاہتا جوڑے کی جان لے لی

نامہ نگاران  اتوار 23 جون 2019
28 سالہ معین الدین اور25 سالہ زینب شیخ نے 4 ماہ قبل پسند سے شادی کی تھی۔ فوٹو: فائل

28 سالہ معین الدین اور25 سالہ زینب شیخ نے 4 ماہ قبل پسند سے شادی کی تھی۔ فوٹو: فائل

نواب شاہ / مٹیاری / سکرنڈ: روہڑی کینال میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے والے جوڑے کی لاشیں 24 گھنٹے بعد مل گئیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ باندھ کر نہر میں چھلانگ لگائی۔

جمعہ کو 28 سالہ معین الدین عرف ارسلان خانزادہ اور اس کی بیوی 25 سالہ زینب شیخ نے روہڑی کینال میں کود کر خود کشی کرلی تھی جن کی لاشیں 24 گھنٹے بعد ہفتے کو اڈیرو لعل کے قریب کھنڈو موری سے ملیں۔ ڈاکٹروں نے لاشیں مسخ ہونے کے باعث پوسٹ مارٹم سے منع کر دیا۔

ارشاد خانزادہ نے بتایا کہ اس کے بھائی نے 4 ماہ قبل ایسر پورہ کی زینب شیخ سے پسند کی شادی کی تھی۔ بھائی کا مورو میں گیسٹ ہاؤس تھا جس کی وجہ سے وہ اپنی بیوی کے ہمراہ وہاں عارضی طور رہائش پذیر تھے۔ چند روز قبل مورو پولیس نے بھائی کے گھر چھاپہ مار کر اس کی غیر موجودگی میں زینب کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا تھا۔

زینب نے معین کو فون پرروتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے بہت بے عزتی کی اور اب وہ زندہ نہیں رہے گی جس کے بعد اس کے بھائی نے بیوی کو پولیس سے رہا کروایا اور جمعہ کے روز دونوں میاں بیوی اپنی کار میں نواب شاہ آ رہے تھے کہ انہوں نے بحریہ ٹاؤن کے قریب روہڑی کینال کے کنارے پر کار روک کر نہر میں چھلانگ لگا دی۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کے ہاتھ آپس میں بندھے ہوئے تھے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں میاں بیوی نے ایک ساتھ مرنے کو ترجیح دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔