یورپی یونین سے اسٹرٹیجک معاہدہ طے پا گیا، شاہ محمود قریشی

خالد محمود  پير 24 جون 2019
یورپی یونین سے اسٹرٹیجک معاہدہ طے پاگیا، شاہ محمود قریشی
 فوٹو: فائل

یورپی یونین سے اسٹرٹیجک معاہدہ طے پاگیا، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، یورپی یونین کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد ہمارا اسٹریٹجک پلان پر معاہدہ طے پاگیا ہے، 25 تاریخ کو معاہدے پردستخط ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں برسلز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پرانے اورگہرے ہیں اورگا ہے بگاہے ہم ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے رہے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھی بھی رہے ہیں، اب انشاء اﷲ مستقبل میں ایک نئی سمت میں آگے بڑھنے کا ارادہ ہے۔ انھوں نے کہاکہ یورپی یونین کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد ہمارا اسٹریٹجک پلان پر معاہدہ طے پاگیا ہے، 25 تاریخ بروز منگل اعلٰی سطح کی عہدیدارفیڈریکا موگرینی کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط ہوں گے، اس معاہدے سے پاکستان اور یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہو رہا ہے ، یہ ایک بہت اچھی پیشِ رفت ہے کیوںکہ ہماری خواہش تھی کہ یہ معاہدہ اپنی تکمیل کو پہنچے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ برسلز میں نیٹوکا ہیڈکوارٹر بھی ہے جہاں انھیں جانے کا موقع بھی ملے گا ،نیٹو ہیڈکوارٹرز میں نیٹوکے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ افغانستان کے معاملاتِ میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد بھی کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جدو جہد میں ہمارا کلیدی کردار رہا ہے اور نیٹو اسکا معترف بھی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں دفاعی اور سیکیورٹی معاملات میں ہمارا نیٹو کے ساتھ ایک تعلق رہا ہے جسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی برسلزمیں مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے ، علاوہ ازیں وزیرخارجہ پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔