سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا ایک اور حملہ، ایک شخص جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 24 جون 2019
اسی ایئرپورٹ پر 12 جون کو میزائل حملے میں 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

اسی ایئرپورٹ پر 12 جون کو میزائل حملے میں 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب کے ابھا ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے ایک اور حملے میں ایک شامی باشندہ جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔

سعودی خبر ایجنسی کے مطابق ملک کے جنوب مغربی علاقے کے شہر ابھا کے ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے رواں ماہ دوسرا حملہ کیا گیا ہے، اس حملے میں ایک شامی باشندہ جاں بحق ہوا جب کہ 21 افراد زخمی ہیں۔

زخمی ہونے والوں میں 13 سعودی شہری، 4 بھارتی، 2 مصری جب کہ 2 بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں جب کہ ایئرپورٹ کے ایک ریسٹورینٹ اور 18 گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کرنل ترکی نے حملے کی نوعیت کے حوالے سے تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 26 افراد زخمی

واضح رہے ابھا ایئرپورٹ سعودی عرب کا ایک مصروف ہوائی اڈہ ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگ آمد ورفت کے لیے موجود ہوتے ہیں اور رواں ماہ کی 12 تاریخ کو اسی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔