سیکڑوں افراد سے کروڑوں روپے بٹورنے والے انسانی اسمگلر باپ بیٹا گرفتار

ایف آئی اے کی ٹیم نے گلشن اقبال سے اکرم اور اس کے بیٹے عمیر کو گرفتار کیا، دونوں عدالت سے اشتہاری قرار دیے جاچکے


Staff Reporter September 09, 2013
شہباز شاہ نے بتایا کہ اکرم ولد اﷲ رکھا اور اس کا بیٹا عمیر اکرم گذشتہ تین سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھے. فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے سیکڑوں شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورنے والے باپ بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔

انسانی اسمگلروں کی ریڈ بک میں شامل ان ملزمان کے خلاف انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل میں دو مقدمات درج ہیں، عدالت سے اشتہاری قرار دیے جاچکے ہیں، تین سال سے روپوشی کی زندگی بسر کررہے تھے، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عدیل احمد چانڈیو کی جانب سے ریڈ بک میں شامل انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کیلیے شروع کی گئی مہم کے دوران ایس ایچ او انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل شہبازشاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گلشن اقبال کے علاقے میں چھاپہ مار کر2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، شہباز شاہ نے بتایا کہ اکرم ولد اﷲ رکھا اور اس کا بیٹا عمیر اکرم گذشتہ تین سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھے، ان کے خلاف ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کو سیکڑوں درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔



درخواستوں میں شہریوں نے الزام عائد کیا تھا کہ باپ بیٹے نے ڈیفنس ویو میں واقع ویزا کنسلٹنسی کا دفتر قائم رکھا تھا اور وہاں بیرون ملک نوکری اورتعلیم کے خواہش مند شہریوں سے لاکھوں روپے فی کس وصول کیے جاتے تھے، سیکڑوں افراد سے کروڑوں روپے بٹورنے کے بعد یہ لوگ اپنا دفتر بند کرکے منظر عام سے غائب ہوگئے، ایف آئی اے نے تین سال قبل ان کے خلاف دو مقدمات درج کیے تھے اور عدالت انھیں اشتہاری ملزم بھی قرار دے چکی ہے، ایف آئی اے کی ٹیم جمعے اور ہفتے کی رات گلشن اقبال میں واقع ان کے گھر پر چھاپہ مار کر دونوں افراد کو گرفتار کرلیا ہے دونوں ملزمان کو پیر کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مقبول خبریں