کراچی میں غلط انجکشن لگنے سے حاملہ خاتون جاں بحق

اہلخانہ نے کلینک میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے شفیق موڑ کے قریب سڑک پر احتجاج کر کے ٹریفک بلاک کر دیا۔


Staff Reporter June 30, 2019
اہلخانہ نے کلینک میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے شفیق موڑ کے قریب سڑک پر احتجاج کر کے ٹریفک بلاک کر دیا۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بی صنعتی ایریا کے علاقے بلاک 22 میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔

ڈی ایس پی ایف بی صنعتی ایریا نعیم احمد نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 25 سالہ گوری زوجہ پرویز کے نام سے ہوئی ہے ، اہلخانہ نے پولیس کو بتایا کہ خاتون کو طبیعت کی خرابی پر محلے میں واقع کلینک لے کر گئے تھے کہ ڈاکٹر کی جانب سے انجکشن کے لگتے ہی اس کی حالت غیر ہوئی اور وہ کچھ دیر کے بعد دم توڑ گئی جبکہ متوفیہ حاملہ تھی.

نعیم احمد نے مزید بتایا کہ احتجاج کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو بات چیت کے بعد منتشر کر دیا اور خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے وہ خود لے کر عباسی شہید اسپتال گئے تاکہ وجہ موت کا تعین ہو سکے جبکہ مبینہ غفلت کا مرتکب ڈاکٹر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے.

عباسی شہید اسپتال میں لیڈی ایم ایل او نہ ہونے کی وجہ سے متوفیہ کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔