بھارت میں ڈیم ٹوٹنے سے 6 افراد ہلاک 30 لاپتہ

ممبئی کی 10 سالہ تاریخ کی شدید ترین بارشوں میں مجموعی طور پر 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں


ویب ڈیسک July 03, 2019
مسلسل دو روز سے جاری بارشوں کے باعث ڈیم ٹوٹ گیا۔ فوٹو : فائل

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ڈیم ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 30 لاپتہ ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مون سون کی شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، ضلع رتنگری میں تیواری ڈیم ٹوٹنے کے باعث 6 افراد ہلاک اور 30 سے زائد لاپتہ ہو گئے۔

بھارتی ریسکیو ادارے این ڈی آر ایف کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے 2 ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں اور اب تک 3 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، امدادی کاموں کے لیے بھارتی ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر اور بحریہ کے اہلکاروں کی مدد بھی طلب کی گئی ہے۔

Tiwari Dam Breached 1

گزشتہ روز بھی ممبئی میں بارشوں کی وجہ سے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح شہر پونے میں بھی ایک دیوار گرنے سے 6 مزدور مارے گئے تھے۔ بارشوں نے ممبئی میں 10 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ممبئی میں بارشوں کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی بری طرح متاثر

دوسری جانب بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ممبئی میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جب کہ پہلے ہی بلدیاتی اداروں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا جا چکا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔