کالعدم جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید پر دہشت گردی کے مقدمات درج

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2019
عبدالرحمان مکی، امیر حمزہ  اور محمد یحییٰ عزیز بھی دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات میں نامزد فوٹو:فائل

عبدالرحمان مکی، امیر حمزہ اور محمد یحییٰ عزیز بھی دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات میں نامزد فوٹو:فائل

 لاہور: کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمات درج کرلیے گئے۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی پنجاب نے دہشت گردی میں ملوث کالعدم تنظیموں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں لاہور، گوجرانوالہ اور ملتان میں 5 کالعدم تنظیموں کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن، مساجد اور مدارس سرکاری تحویل میں

ان تنظیموں میں دعوہ الارشاد ٹرسٹ ، معاذ بن جبل ٹرسٹ ، الانفال ٹرسٹ، المدینہ فاونڈیشن ٹرسٹ اور الحمد ٹرسٹ شامل ہیں اور مقدمات میں حافظ محمد سعید ، عبدالرحمان مکی ، امیر حمزہ ، محمد یحییٰ عزیز کو نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت الدعوۃ سمیت کالعدم تنظیموں کی فنڈ ریزنگ پر پابندی عائد

تمام ملزمان پر ٹرسٹس کے نام پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کے الزامات ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر تفتیش اور تحقیق کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ ان غیر منافع بخش تنظیموں اور ٹرسٹس کے اثاثوں اور پراپرٹیز کے ذریعے دہشت گردی کے لیے مالی سہولت کاری کی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ حافظ سعید سے منسلک تنظیموں کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل بھی ان تنظیموں کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔