گیس چوری میں ملوث 18000کنکشنز منقطع کیے گئے وزیراعظم کو بریفنگ

گیس چوری کے خلاف مہم کو مزید موثر بنایا جائے، وزیراعظم کو ہدایت


ویب ڈیسک July 03, 2019
گیس چوری کے خلاف مہم کو مزید موثر بنایا جائے، وزیراعظم کو ہدایت، فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کو گیس سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں گیس چوری میں ملوث 18000 کنکشنز کو منقطع کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِصدارت گیس کی فراہمی سے متعلق معاملات پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی ندیم بابر، سیکرٹری پاور عرفان علی، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ایم ڈی انٹر سٹیٹ گیس سسٹم مبین صولت، ڈی جی گیس شاہد یوسف و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیرِ اعظم کو گیس کی طلب و رسد اور آئندہ مہینوں میں گیس کی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جب کہ کراچی سے لاہور 1122کلومیٹر نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

معاون خصوصی نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ دو ماہ میں گیس چوری میں ملوث 18000کنکشنز کو منقطع کیا گیا ہے اور اب تک 2.5ارب روپے مالیت کی گیس چوری ہونے سے بچائی گئی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے گیس چوری کے خلاف مہم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔