عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ17 جولائی کو سنائے گی

عالمی عدالت انصاف نے فروری میں فیصلہ محفوظ کیا تھا


ویب ڈیسک July 04, 2019
کیس کا فیصلہ جولائی کے آخری ہفتے میں آئے گا، ذرائع، فوٹو: فائل

عالمی عدالت انصاف پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ رواں ماہ کی 17 تاریخ کو سنائے گی۔

عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 فروری سے 21 فروری تک جاری رہی تھی، 18 فروری کو بھارت نے کلبھوشن کیس پر دلائل کا آغاز کیا اور 19 فروری کو پاکستان نے اپنے دلائل پیش کیے۔

20 فروری کو بھارتی وکلا نے پاکستانی دلائل پر بحث کی اور 21 فروری کو پاکستانی وکلا نے بھارتی وکلا کے دلائل پر جواب دیئے جب کہ سماعت مکمل ہونے کے بعد عالمی عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

کلبھوشن کیس کافیصلہ 17 جولائی کوسنایاجائےگا، یہ فیصلہ عالمی عدالت انصاف کےصدراورجج عبدالقوی احمدیوسف سنائیں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔