کشمیر کی جنگ سے پاکستان کا وجود خطرے میں پڑ گیا پاکستانی مندوب

اقوام متحدہ کی سب سے بڑی ناکامی ہے کہ کشمیر پر اپنی ہی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرایاجاسکا، مسعود خان


Online September 10, 2013
ہر منتخب اور غیر منتخب حکومت نے عسکری، سفارتی اور اخلاقی محاذ پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلیے جنگ کی، خطاب، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستانی قونصل جنرل آصف حسین فوٹو: فائل

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعودخان نے مسئلہ کشمیر کے حل میں کی ناکامی کاذمے داربین الاقوامی برادری کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سب سے بڑی ناکامی کشمیر پر اس کی منظور کردہ قراردادوں پرعملدرآمد نہ ہونا ہے۔

کشمیری رہنما کی جانب سے دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ قیام پاکستان کے ساتھ ہی پاکستان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلیے ایسی جنگ ہر محاذ پر لڑی ہے کہ خود اس کا اپنا وجود خطرے میں پڑگیا لیکن کشمیریوں کی حمایت نہیں چھوڑی پاکستان کی ہر منتخب اور غیر منتخب حکومت نے عسکری سفارتی اور اخلاقی محاذ پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلیے جنگ کی۔



انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سب سے بڑی ناکامی ہے کہ کشمیر پر اپنی ہی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد نہ کراسکا اور آج 193 ممالک کی برادری میں صرف پاکستان ہی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ استقبالیے سے خطاب میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل آصف حسین نے کہا کہ قوم اب مسلم لیگی قیادت میں تکمیل پاکستان کیلیے جدوجہد کرے گی کیونکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔

مقبول خبریں