ہیلی کاپٹر حادثے میں امریکی ارب پتی تاجر سمیت 7 افراد ہلاک

ہیلی کاپٹر میں امریکا میں کان کنی کی صنعت کے بے تاج بادشاہ کرسٹوفر کلائین فیملی کے ہمراہ سوار تھے، ذرائع


ویب ڈیسک July 05, 2019
ہیلی کاپٹر میں ارب پتی تاجر اپنی فیملی کے ہمراہ موجود تھے۔ ذرائع فوٹو : فائل

بہاماس کے جزیرے میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ارب پتی امریکی تاجر سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بہاماس کے جزائر میں فلوریڈا جانے والا مسافر بردار ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں ارب پتی امریکی تاجر کرسٹوفر کلائین بھی شامل ہیں۔

Hellicopter Crashed

کیریبیئن ریاست باہماس کی رائل پولیس فورس کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر پرواز کے تھوڑی دیر بعد لاپتہ ہو گیا تھا، تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ پرواز کے مقام سے چند کلومیٹر دور مل گیا، ملبے سے 7 لاشیں ملیں جن میں 4 خواتین شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے تاحال حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم امریکی ریاست ورجینیا کے گورنر کے مطابق ہلاک شدگان میں کان کنی کی صنعت سے وابستہ ارب پتی امریکی بزنس مین کرسٹوفر کلائین بھی شامل ہیں۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں ارب پتی تاجر کی بیٹی اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے تاہم لاشوں کی شناخت کا کام سست روی کا شکار ہے۔ امریکا میں کان کنی کی صنعت کے بے تاج بادشاہ کرسٹوفر کلائین اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔