اسلام آباد سے بھتہ وصولی نہ رکی تو علاقہ سہراب گوٹھ بن جائیگا عدالت عالیہ

سبزی منڈی سے بھتہ وصول کیاجاتا ہے،آئی جی کااعتراف،خاتمے کیلیے 10 روزمیں رپورٹ طلب،ڈی سی کی عدم پیشی پربرہمی


Numainda Express September 10, 2013
سٹی مجسٹریٹ کی کچھ ذمے داریاںہیں لیکن گھرفروٹ،گوشت پہنچ جاتاہو توکیا ہورہاہے کوئی نوٹس نہیں لیتا،جسٹس شوکت عزیزفوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آبادکی حدود میں بھتہ وصولی کے خلاف مقدمے میں چیئرمین سی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنرکومل بیٹھ کراس معاملے کے خاتمے کے لیے حکمت عملی بنانے اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کاحکم دیاہے۔

عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر سے بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے 10 روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے سماعت کی،چیئرمین سی ڈی اے اورآئی جی اسلام آبادعدالت میں پیش ہوئے، ڈپٹی کمشنرکی عدم پیشی پرعدالت نے شدید برہمی کااظہارکیا۔فاضل جج نے کہا بھتہ خوری روکنے کاحکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ رکن پارلیمنٹ سمیت اگرکوئی سیاسی شخصیت اس گھنائونے جرم کی حوصلہ افزائی میں ملوث ہے توعدالت کوآگاہ کیا جائے، بھتہ خوری کا سلسلہ اسلام آبادکی سبزی منڈی میں نہیں روکا گیا تو یہ بھی کراچی کا سہراب گوٹھ بن جائے گا، کل بھتہ خوراسلام آبادکی جناح سپر مارکیٹ اور سنٹورس پارک مارکیٹ تک پہنچ جائیں گے، پھر حالات کوکنٹرول کرنے میں مشکلات پیش آئیں گی۔



درخواست گزار امان اللہ نے موقف اختیارکیا تھا کہ اسلام آباد کی سبزی وفروٹ منڈی میں بھتہ خوری عام ہوگئی ہے اور تاجر بھتہ خوروں سے محفوظ نہیں ہیں۔آئی جی اسلام آباد سکندر حیات نے عدالت میں اعتراف کیا کہ اسلام آبادکی سبزی منڈی سے بھتہ وصول کیا جاتا ہے، 2گروپوں کے درمیان ماہانہ بھتہ وصولی کا معاملہ چل رہا ہے۔فاضل جج نے کہا کہ سٹی مجسٹریٹ کی بھی کچھ ذمے داریاں ہوتی ہیں، مجسٹریٹ کے گھر میں صبح شام فروٹ کے ٹوکرے،گوشت اورہاضمے کی بوتلیں پہنچ جاتی ہوںگی اس کے بعدکیا کچھ ہورہا ہے کوئی نوٹس نہیں لیتا۔عدالت نے مزیدسماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔