ممبئی میں غیر قانونی پارکنگ پر 15 ہزار تا 23 ہزار جرمانے کا فیصلہ

26 پارکنگ ایریاز کے اطراف 500 میٹر تک گاڑی پارک کرنے والوں پر جرمانے کی نئی شرح عائد ہوگی، ممبئی میونسپل کارپوریشن


ویب ڈیسک July 07, 2019
جرمانہ حکومتی پارکنگ ایریا کے باہر گاڑی کھڑی کرنے والوں پر عائد ہوگا (فوٹو : فائل)

بھارت میں گاڑیوں کی غلط پارکنگ پر جرمانہ 15 ہزار تک ہوسکتا ہے جب کہ لیٹ فیس کے ساتھ جرمانہ 23200 روپے کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ پارکنگ ایریاز کے 500 میٹر اطراف میں غیر قانونی طور پر پارک کی گئی موٹر سائیکل پر 5 ہزار اور بڑی گاڑیوں پر 15 ہزار تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھاری جرمانے پر لیٹ فیس چارجز میں بھی کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس کے تحت تاریخ نکل جانے کے بعد تاخیر سے جرمانہ ادا کرنے والوں کو لیٹ فیس کی مد میں مزید 7 سے 8 ہزار کی ادائیگی کرنا ہوگی یعنی کل جرمانہ 23 ہزار سے تجاوز کرسکتا ہے۔

اس قدر زیادہ جرمانہ عائد کرنے کا مقصد لوگوں کو میونسپل کی جانب سے پارکنگ کے لیے مختص کیے گئے 26 ایریاز میں ہی گاڑی پارک کرنے کا عادی بنانا ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے ٹریفک پولیس کے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی بھرتی کیا گیا ہے۔