پی آئی اے نے 40 سال سے قائم لاڑکانہ بکنگ آفس بند کردیا

مقامی شہری متاثر ہونگے، بکنگ آفس کی سیل ہر ماہ 30 لاکھ سے زائد ہے، زاہدہ بلوچ


Staff Reporter July 08, 2019
لاڑکانہ میں بکنگ آفس سیل نہ ہونے پر بند کیا، خسارے پر قابو پانا ہے، ترجمان پی آئی اے فوٹو : فائل

پی آئی اے انتظامیہ نے لاڑکانہ بکنگ آفس بندکر دیا، ذرائع کے مطابق لاڑکانہ سمبارا ہوٹل میں پی آئی اے کا بکنگ آفس گزشتہ 40 سال سے قائم تھا، جسے اصلاحات کے سبب بند کر دیا گیا۔

لاڑکانہ کی ڈسٹرکٹ سیلز منیجر زاہدہ بلوچ کے مطابق پی آئی اے بکنگ آفس میں 25 سے زائد مختلف گریڈ کے ملازمین کام کر رہے ہیں، ہیڈ آفس نے تمام ملازمین کا کراچی تبادلہ کر دیا ہے، پی آئی اے بکنگ آفس بند ہونے سے مقامی شہریوں کے ساتھ گرد و نواح کے اضلاع کے لوگ متاثر ہوں گے، زاہدہ بلوچ کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں لاڑکانہ پی آئی اے بکنگ آفس کی سیل 40 لاکھ جبکہ ہر ماہ 30 لاکھ سے زائد ہوتی ہے۔

اچانک آفس بند کرنے اور کراچی تبادلوں سے ملازمین بھی متاثر ہوں گے، بکنگ آفس پی آئی اے کی اپنی پراپرٹی میں قائم ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاڑکانہ میں بکنگ آفس سیلز نہ ہونے کی وجہ سے بند کیا گیا، خسارے پر قابو پانے کیلیے غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے اقدامات ایئر لائن کے مفاد میں ہے، اس وقت انتظامیہ کی بھرپور توجہ خسارے کے اسباب کو کنٹرول کرنے پر مرکوز ہے۔

اس سے قبل پی آئی اے کی جانب سے گزشتہ برس دسمبر میں موئن جو دڑو کا فلائٹ آپریشن بند کیا گیا تھا۔