بلدیاتی ادارے جراثیم کش اسپرے مہم کو موثر بنائیں اویس مظفر

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمٰی اسپرے مہم کی نگرانی کریں اورعوام کو ڈنگی وائرس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جائے


Staff Reporter September 13, 2013
اسپرے مہم کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے محکمہ صحت کو اس میں شامل کیا گیا ہے،صوبائی وزیر صحت فوٹو: ایکسپریس / فائل

صوبائی وزیر صحت و بلدیات سید اویس مظفر نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں ڈنگی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی اسپرے مہم کی علاقوں میں موجود رہ کر خود نگرانی کریں تاکہ اس کے موثر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو ڈنگی اور ملیریا پر قابو پانے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں اسپیشل سکیریٹری صحت ڈاکٹر منصور عباس رضوی، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی ثاقب سومرو، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ سمیع الدین صدیقی، ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول پروگرام ڈاکٹر ناہید جمالی اور دیگر نے شرکت کی، صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اسپرے مہم بنیادی طورپر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پانچوں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کی ذمے داری ہے لیکن اس مہم کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے محکمہ صحت کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔



اسپرے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کو جو گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں ان کو ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے ذریعے استعمال کیا جائے اور متعلقہ اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز اور ضلعی میونسپل افسران اسپرے کی ذاتی نگرانی کریں، حیدرآباد ، ٹھٹھہ ، دادو، سانگھڑ، قمبر ، شہدادکوٹ ، شکار پور ، کشمور، جامشورو اور سکھر کے بلدیاتی اداروں کے سربراہ محکمہ صحت سے تعاون برقرار رکھیں اور اپنے اضلاع میں فوری اسپرے کروائیں،عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے اور اس کے لیے ذرائع ابلاغ کو استعمال کیا جائے،ڈنگی وائرس سے آگاہی مہم میں پمفلٹس، پلے کارڈز اور بینرز استعمال کیے جائیں۔

صوبائی وزیر صحت کو بتایا گیا کہ اس سال ڈنگی کے صوبے بھر سے 1112 کیسز سامنے آئیں ہیں جن میں سے1051 کراچی سے جبکہ 61 صوبے کے دیگر 9 اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، جنوری سے اب تک ڈنگی وائرس سے کراچی میں 11اموات ہوئیں جن میں 3 سرکاری اور 8 نجی اسپتالوں میں ہوئی ہیں،کراچی کے بعد حیدرآباد میں 48کیسز سامنے آئے ہیں، صوبائی وزیر اویس مظفر نے حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں کو اسپرے مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول پروگرام بلدیاتی اداروں کے قریبی رابطہ رکھیں۔