کراچی میں بدامنی جاری سیاسی کارکنوں اور رینجرز اہلکار سمیت مزید 10افراد ہلاک

اسٹارگیٹ پررینجرزکاحوالدارجاںبحق،سرسیدٹائون،اورنگی اورلیاری سے خاتون سمیت3افرادکی لاشیں ملیں


Staff Reporter August 30, 2012
پیرآبادمیں پی پی کاعلاقائی عہدیدار،اسٹارگیٹ پررینجرزکاحوالدارجاںبحق،سپرہائی وے پرگھرکے لان میں بیٹھاہواشخص ماراگیا،سرسیدٹائون،اورنگی اورلیاری سے خاتون سمیت3افرادکی لاشیں ملیں۔ فوٹو: فائل

SINGAPORE: شہرمیں رینجرزاورپولیس کے سرچ آپریشن واسنیپ چیکنگ کے باوجودبدامنی جاری ہے،مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ کے4کارکنوں،پی پی کے علاقائی نائب صدراوررینجرز اہلکارسمیت مزید10افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلال کالونی کے علاقے نیوکراچی سیکٹر5-J مصطفیٰ کالونی میںگھرکے باہربیٹھے ہوئے27سالہ ناصرشوکت کوموٹر سائیکل سوارملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیااور فرار ہوگئے، واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی اوردکانیں وکاروباربند ہوگیا، مقتول سٹی وارڈن اورمتحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ140-B کا سرگرم کارکن تھا۔ماڈل کالونی کے علاقے ملیرمہران ڈپوپراناقبرستان والی گلی میں موٹرسائیکل پرجانے والے 42سالہ خالد کشمیری کوموٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیااورفرارہوگئے،مقتول ایم کیوایم کی متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کا علاقائی عہدیداراورماڈل کالونی کے علاقے امیر آبادکارہائشی تھا۔

مقتول کاعلاقے میں الخالدکے نام سے گاڑیوںکاورکشاپ تھا،واقعے کے بعدعلاقے میںکشیدگی پھیل گئی اورنامعلوم افرادنے ہوائی فائرنگ کی،دکانیں وکاروبار بندہوگیا۔فیریئرکے علاقے دہلی کالونی مین بازارمیں بریانی کے دکان کے قریب دوگروپوں تصادم کے نتیجے میں 4 دوست21سالہ احسن،زبیر ،گلفام اور فیصل زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں احسن دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول دہلی کالونی کارہائشی اورمتحدہ قومی موومنٹ ڈیفنس سیکٹر یونٹ5کا کارکن تھا،متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن کی ہلاکت کے بعدعلاقے میںکشیدگی پھیل گئی۔

لانڈھی نمبر6سیکٹر44/Cکے رہائشی50سالہ محمداقبال کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اورفرار ہو گئے مقتول متحدہ قومی موومنٹ لانڈھی سیکٹر یونٹ80 کا کارکن تھاواقعے کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ شاہدحیات نے ایس ایچ او لانڈھی مظہراقبال کوفوری طورپرمعطل کر دیا۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیو ایم ہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی ملیرٹائون یونٹ ایک کے انچارج سیّدخالدمحموداورایم کیوایم پی آئی بی جہانگیر روڑ سیکٹر یونٹ 57کے کارکن محمدثاقب شفیع کے قتل پردلی صدمے اوررنج وغم کااظہارکیاہے اور ان کے لواحقین کوصبرکی تلقین کی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی نے بھی کارکنوں کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جرائم پیشہ دہشتگرداپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کیلیے معصوم شہریوں،ایم کیو ایم کے ذمے داران و کارکنوں کوٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنارہے ہیں اورملک کوغیرمستحکم کرنے کے درپے ہیں،شہرمیں کئی روز سے جاری دہشت گردی کے واقعات انہی گھنائونی سازشوں کا حصہ ہیں۔رابطہ کمیٹی نے صدرزرداری،وزیراعظم راجا پرویز اشرف،وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ گینگ وارسے وابستہ کالعدم امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم ہز ارہ آرگنائزنگ کمیٹی ملیرٹائون یونٹ 01کے انچارج سیّدخالدمحمود اورایم کیوایم پی آئی بی جہانگیر روڑ سیکٹر یونٹ 57 کے کارکن محمدثاقب کے بہیمانہ قتل کانوٹس لیاجائے اوردہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوںکوگرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔

پیرآباد نمبر ایک محمدی مسجد کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 38 سالہ حاجی بادشاہ خان ہلاک ہو گیا،پیپلز پارٹی PS-96 یوسی 8 کے صدر مجیب احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول ان کا علاقے کانائب صدر تھااور پیر آباد نمبر ایک کا رہائشی،5بچوں کا باپ تھا۔ ایئرپورٹ کے علاقے اسٹارگیٹ پرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے موٹرسائیکل نمبرKDY-1502پرسوار پاکستان رینجرز کا حوالدار35سالہ یونس اورکانسٹیبل احسان زخمی ہو گئے، جنھیں جناح اسپتال پہنچایاگیا جہاں یونس دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے رینجرز کی ایف ایس ونگ کے اہلکار ہیں،واقعے کے دونوں موٹر سائیکل پر جارہے تھے۔

سہراب گوٹھ کے علاقے سپرہائی وے ملک آغاہوٹل کے قریب ڈیلکس ٹاؤن مکان نمبرA/95 کے رہائشی52سالہ احسان عثمانی گھر کے لان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا،مقتول واقعے کے وقت رشتے داروں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ لان کی دیوار کے اوپر سے نامعلوم افرادنے فائرنگ کی، مقتول کو 3 گولیاں لگیں تھیں۔سرسیدٹاؤن کے علاقے محمدشاہ قبرستان سے28سالہ سلیم کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے تیزدھارآلے کے واراورفائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول محمد شاہ قبرستان کے قریب کچی آبادی کارہائشی اورٹیکسی ڈرائیور تھا جو منگل کی صبح گھرسے نکلا تھاجس کے بعدسے لاپتہ تھا،پولیس واقعے کوذاتی دشمنی قراردے رہی ہے۔

کلاکوٹ کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈدھوبی گھاٹ کے قریب سے ایک35 سالہ شخص کی لاش ملی مقتول کو اغوا کر کے تشددکا نشانہ بنانے کے بعدسر میں ایک گولی مار کر ہلاک کیاگیاتھا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی قبرستان سے18 سالہ خاتون کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے چہرے پر گولی مار کر قتل کیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ،مقتولہ کواس کے بھائی محمد زادہ نے ریما کے نام سے شناخت کیاجس کے بارے میں اس نے بتایا گیا ہے کہ ریمامکان نمبر B-232 بلوچ گوٹھ منگھوپیر روڈ کی رہائشی تھی جسے اخلاق نامی شخص نے2ماہ قبل26جون کوگھر سے بھگاکر پنڈی میں لے جاکرنکاح کرلیا تھا،اخلاق کیخلاف منگھوپیر تھانے میں مقدمہ درج ہے جسے پولیس تلاش کررہی ہے،مقتولہ کاباپ بس چلاتا ہے۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر5/Eعبد اﷲ موڑکے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 22 سالہ سلمان زخمی ہو گیا جبکہ اسی علاقے میں سیکٹر 5/J میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عارف زخمی ہو گیا۔ سولجر بازار کے علاقے گارڈن ویسٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25سالہ نصیر لاسی زخمی ہو گیا،زخمی ہونے والا گارڈن ویسٹ تھارو لائن کارہائشی اور پیپلز پارٹیPS-117کارکن ہے۔شاہ لطیف کے علاقے قائد آباد داؤد چورنگی کے قریب مشرق کوچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 24 سالہ رضوان اور 45 سالہ یحیٰ زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق مسلح ملزمان کوچ میں مسافروں سے لوٹ مار کرکے فرارہوگئے۔