ماہرہ خان مادھوری ڈکشٹ سے موازنہ کرنے پر مداحوں کی شکرگزار

ویب ڈیسک  منگل 23 جولائی 2019
ماہرہ خان کے گانے’’نوری‘‘کو یوٹیوب پر اب تک 4 لاکھ سے زائد بار دیکھاجاچکاہے فوٹوفائل

ماہرہ خان کے گانے’’نوری‘‘کو یوٹیوب پر اب تک 4 لاکھ سے زائد بار دیکھاجاچکاہے فوٹوفائل

کراچی: پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے بالی ووڈ کی ڈانسنگ اسٹار مادھوری ڈکشٹ سے موازنہ کیے جانے پر مداحوں کا شکر گزار ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اور مادھوری کا کوئی مقابلہ نہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان  فلم’’سپر اسٹار‘‘کے گانے’’نوری‘‘ پر بہترین رقص کرکے ہر جانب سے داد وصول کررہی ہیں۔ اس گانے کو یوٹیوب پر اب تک 4 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ گانے میں ماہرہ خان خوبصورت تو لگی ہی ہیں تاہم پورے گانے میں جو چیز سب سے زیادہ دیکھنے لائق ہے وہ ان کا ڈانس ہے۔

ماہرہ نے اتنی خوبصورتی سے رقص کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہر طرف ماہرہ کے ڈانس کے چرچے ہیں یہاں تک کہ ان کا موازنہ بالی ووڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ سے کیاجارہا ہے۔

ٹوئٹر پر حسن چوہدری نامی صارف نے ماہرہ خان کے رقص کی تعریف کرتے ہوئے کہا مادھوری کون ہیں؟ ماہرہ خان اس گانے میں غیر معمولی نظر آئی ہیں۔ اس ٹوئٹ کے جواب میں ماہرہ خان نے لکھا دیوی جی (مادھوری ڈکشٹ) کا ان سے کوئی مقابلہ نہیں لیکن پھر بھی آپ کا شکریہ۔

https://twitter.com/TheMahiraKhan/status/1153356283006918656

واضح رہے کہ گانے کی موسیقی اذان سمیع خان نے دی ہے اور اسے بھارتی گلوکارہ سنیدھی چوہان اور جابر عباس نے گایا ہے۔ یاد رہے ماہرہ خان کی فلم عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوگی، جس میں ان کے ساتھ بلال اشرف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔