گرمی کی شدت برقرار، 27 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسٹاف رپورٹر  بدھ 24 جولائی 2019
اگلے 24گھنٹوں میں شہرکامطلع جزوی اور مکمل ابرآلودرہے گا،بونداباندی اورہلکی پھواربھی پڑسکتی ہے،محکمہ موسمیات
 فوٹوفائل

اگلے 24گھنٹوں میں شہرکامطلع جزوی اور مکمل ابرآلودرہے گا،بونداباندی اورہلکی پھواربھی پڑسکتی ہے،محکمہ موسمیات فوٹوفائل

کراچی:  شہر میں تیسرے روز بھی گرمی کی شدت برقرار رہی تاہم خلیج بنگال میں موجود ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے تحت 27 جولائی سے شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔

شہر میں اتوارسے پڑنے والی گرمی کی جذوی لہر کا اثر منگل کو بھی برقراررہا،گزشتہ دنوں شہرکے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش وپھوار کی وجہ سے رات گئے شدید حبس کی کیفیت پیدا ہوئی جس کا سبب ہوامیں نمی کاتناسب 80 فیصد تک تجاوز کرنا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں حالیہ گرمی کی وجہ رن آف کچھ بھارت میں موجود ہوا کے کم دباؤ ہے جو کافی حد تک کمزور پڑگیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آج(بدھ )کو ہوا کا کم دباؤ مکمل طورپر ختم ہوجائے گا جس کے بعد سمندری ہوائیں معمول کی رفتار سے چلیں گی اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہرمیں گرمی کا زیادہ سے زیادہ پارہ 36.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت27ڈگری ریکارڈ ہوا،منگل کو دوپہر کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب51فیصد ریکارڈ کیاگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی اور مکمل ابرآلودرہنے جبکہ بونداباندی اور ہلکی پھوار پڑنے کا امکان ہے،آج(بدھ)کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے37ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردارسرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے تحت 27جولائی کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔