ڈالر کی قیمت بڑھتے ہی سونے کی قیمت کو پر لگ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 24 جولائی 2019
سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 300 روپے اور 257 روپے کا اضافہ ہوا۔ فوٹو: فائل

سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 300 روپے اور 257 روپے کا اضافہ ہوا۔ فوٹو: فائل

کراچی: اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 300 روپے اضافے سے 84 ہزار 200 روپے ہوگئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق فاریکس مارکیٹ میں روپے کی بے قدری تسلسل کے ساتھ جاری ہے،  بدھ کے روز انٹربینک میں ڈالر 20 پیسے کے اضافے کے بعد 160 روپے 78 پیسے پر بند ہوا، جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 30 پیسے بڑھی اور 160 روپے 60 پیسے سے بڑھ کر 160 روپے 90 پیسے تک جاپہنچی۔

دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 4 ڈالر کا اضافہ ہوا اور 1426 ڈالر تک جا پہنچا، روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان کے بعد عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں پر پڑا، اور سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 300 روپے اور 257 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد  کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی بڑھ کر 84 ہزار 200 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 72 ہزار 171 روپے ہوگئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں کوئی کمی پیشی نہیں ہوئی تھی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔