سمندر میں ڈوبتے ایرانی مال بردار بحری جہاز کے عملے کو بچا لیا گیا

ایرانی بحری جہاز مکمل طور پر ڈوب گیا


ویب ڈیسک July 28, 2019
ایرانی جہاز کے ڈوبنے سے قبل فضا میں علامتی فائر کیے گئے تھے (فوٹو : فائل)

آذربائیجان کے ریسکیو عملے نے بحیرہ کیسپیئن میں ڈوبتے ایران کے مال بردار جہاز کے عملے کے تمام ارکان کو آخری وقت میں بچالیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے مال بردار بحری جہاز کی جانب سے فضا میں جگمگانے والے شعاعیں بھیجی جا رہی تھیں جو جہاز کے ڈوبنے یا کسی خطرے میں پھنس جانے کا اشارہ تھیں۔

آذربائیجان کی پٹرولنگ پر مامور کشتی نے صورت حال کی نزاکت کا اندازہ کرتے ہوئے کنٹرول ٹاور سے رجوع کیا جس کے بعد 2 ہیلی کاپٹر امداد کے لیے بھیجے گئے جنہوں نے ایرانی جہاز کے عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا۔

آذر بائیجان کی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی مال بردار جہاز سمندر میں ڈوب گیا تاہم عملے کو بچالیا گیا ہے جنہیں ایران کے حوالے کردیا جائے گا۔ مال بردار بحری جہاز کی منزل اور نوعیت کے بارے میں کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

آذر بائیجان میں مال بحری جہاز 'شباہنگ' کے ڈوبنے اور عملے کے محفوظ رہنے کے حوالے سے ایران کی جانب سے کسی بھی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔