منظور الحسن کو جونیئر ہاکی ٹیم کی ذمہ داری سونپ دی گئی

ورلڈ کپ تک چیف کوچ و منیجر مقرر، طاہر زمان بطور کنسلٹنٹ ملائیشیا جائیں گے


Sports Reporter September 17, 2013
ورلڈ کپ تک چیف کوچ و منیجر مقرر، طاہر زمان بطور کنسلٹنٹ ملائیشیا جائیں گے. فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے منظورالحسن کو رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ تک جونیئر ٹیم کے چیف کوچ ومنیجرکی ذمہ داری سونپ دی، طاہر زمان کنسلٹنٹ کے طور پر ٹیم کے ہمراہ ملائیشیا جائیں گے۔

سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ منظورالحسن کو ورلڈ کپ تک عہدہ سونپا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 15جنوری 1952ء کو گوجرہ میں پیدا ہونے والے سابق قومی کپتان نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں ایک اولمپکس، 3 ورلڈ کپ، 3 ایشین گیمزاور اتنی ہی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز پایا ہے، انھیں 1989ء کے اندرا گاندھی کپ، ایشیا کپ،ایشین گیمز 1990، برسلزکے چارملکی ٹورنامنٹ 1995ء اور 1996ء کے پری اولمپکس ٹورنامنٹ کے دوران قومی ٹیم کی کوچنگ کا اعزاز بھی حاصل ہے۔



منظورالحسن کی پہلا اسائنمنٹ ملائیشیا میں 6 ملکی سلطان آف جوہرہاکی ٹورنامنٹ ہے۔ رانا مجاہد نے بتایا کہ طاہرزمان جونئیرٹیم کے کنسلٹنٹ کے طورپرملائیشیا جائیں گے،انھوں نے کہا کہ سینئر ہاکی ٹیم کی ایشیا کپ میں شکست پر بنائی جانے والے فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کے حوالے سے منظور الحسن نے اپنا کام مکمل کر لیا لہذا جونیئر ٹیم کی کوچنگ ان پر کوئی بوجھ نہیں ہوگا، ان کے تجربے سے جونیئر کھلاڑی فائدہ اٹھائیں گے۔

وفاقی وزیر کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر ایڈہاک لگانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ کی شکست کے بعد اس وقت کے سیکریٹری فیڈریشن مستعفی ہو چکے ہیں، قاسم ضیاء نئی مدت کے لیے امیدوار نہیں ہیں ایسے میں ایڈہاک کی باتیں حیران کن ہیں۔