پی ایس ایل : مکمل وطن واپسی کی تیاریاں

اسپورٹس ڈیسک / ایکسپریس نیوز  پير 29 جولائی 2019
پشاور اور آزاد کشمیر میں بھی1،1 میچ کے انعقاد پرغور 
فوٹو: فائل

پشاور اور آزاد کشمیر میں بھی1،1 میچ کے انعقاد پرغور فوٹو: فائل

کراچی /  لاہور:  پی ایس ایل کی مکمل وطن واپسی کیلیے تیاریاں شروع ہوگئیں، پاکستان میں کھیلنے کیلیے راضی غیرملکی پلیئرز سے ہی معاہدے ہوں گے، سپر لیگ 5 کا میلہ آئندہ برس 20 فروری سے 22 مارچ تک سجائے جانے کا امکان ہے، فائنل سمیت 11 میچز کی میزبانی لاہور کو دی جاسکتی ہے۔

کراچی میں 9 ،راولپنڈی میں 8 اورملتان میں 4 منعقد ہوسکتے ہیں، پشاور اور آزاد کشمیر میں بھی ایک ایک میچ کے انعقاد پرغور ہونے لگا، نیشنل اسٹیڈیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا ہوم گراؤنڈ ہوگا، قذافی اسٹیڈیم لاہور ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرزکے میچوں کی میزبانی کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کو مکمل طور پر وطن واپس لینے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلیے اقدامات کا آغاز ہوگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے تمام ٹیموں پر واضح کردیاہے کہ اس بار پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں ہی کرائے جائیں گے، غیرملکی کھلاڑیوں کو بھی اس بارے میں آگاہ کیاجارہاہے کہ ڈرافٹ میں صرف ان ہی کھلاڑیوں کوشامل کیا جائیگا جو پاکستان آکر میچز کھیلنے کی تصدیق کریں گے۔

پی سی بی حکام نے پی ایس ایل کے انتظامات پراپنی تیاریوں کا آغاز کررکھاہے اور اگلے ماہ سے اس میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ پاکستان سپرلیگ 5کا میلہ 20 فروری سے  22 مارچ تک کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ فائنل لاہورمیں کرائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا ڈرافٹ نومبرکے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں کرانے کی حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔ اس بار لاہور میں 11،کراچی میں 9 ،راولپنڈی میں 8 او رملتان کو 4 میچوں کی میزبانی سونپی جاسکتی ہے۔

ایک ایک میچ پشاور اور آزاد جموں وکشمیر میں بھی کرانے پر غور کیاجارہاہے، اس حوالے سے بورڈ حکام جلد دونوں وینیوزکا دورہ کرکے اپنی رپورٹ پی ایس ایل انتظامی کمیٹی کے حوالے کریں گے۔ پہلے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچزکے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا انتخاب ہوسکتاہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرزکے میچز کامیزبان ہوگا۔ اسی حساب سے ٹیموں کیلیے ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر شیڈول تیار کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جبکہ تیسرے اور چوتھے ایڈیشن کے فیصلہ کن معرکوں کی میزبانی کراچی نے کی تھی۔ اسی لیے اب ٹرافی میچ لاہور میں منعقد کیا جاسکتا ہے، رواں برس کراچی میں پی ایس ایل کے اختتامی مرحلے کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پی سی بی کو پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے مکمل طور پرکراچی میں انعقاد کی ہدایت کی تھی، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل کی مکمل وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ پی ایس ایل 5 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دفاعی چیمپئنز ہوں گے جنھوں نے پشاور زلمی کومات دیکر پہلی بارچیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔