عید الاضحی کی آمد سپر ہائی وے پر مویشی منڈی کا افتتاح

700 ایکڑ رقبے پر محیط مویشی منڈی میں 32 کلوز سرکٹ کیمرے نصب، مانیٹرنگ سیل بنادیا گیا،ڈاکٹروں کی۔۔۔، سی ای او ملیر کینٹ


Staff Reporter September 18, 2013
مویشی منڈی میں ایک خوبصورت جانور کو بچی پیار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ملیر کینٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد فاروق نے عیدالاضحی کے موقع پر سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے صحافیوں کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا کہ700 ایکڑ رقبے پر محیط مویشی منڈی میں گزشتہ سال کی نسبت اس سال بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کے ایم سی اور کمشنر کراچی کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں قائم کی جانے والے دکانوں میں فروخت کی جانے والی اشیا کی قیمتوں کو چیک کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی بھی بنائی ہے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو مہنگے داموں اشیا خریدنے سے بچایا جاسکے، انھوں نے جانوروں میں کانگو وائرس سے متعلق ایک سوال پر بتایا کہ ایک درجن سے زائد ڈاکٹروں کی ٹیم مویشی منڈی میں 24 گھنٹے اپنی خدمات انجام دے گی جبکہ کوئی بھی خریدار اپنا قربانی کا جانور کسی بھی وقت ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کی ٹیم سے چیک کراسکتا ہے، انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں روشنی کا بہترین انتظام کیا گیا ہے جبکہ مویشی منڈی کی مانیٹرنگ کے لیے 32 کلوز سرکٹ نصب کیے گئے ہیں اور ایک مانیٹرنگ سیل بھی بنایا گیا جہاں سے 24 گھنٹے نگرانی کا عمل جاری رہے گا اور کسی بھی غیر معمولی نقل و حرکت کی اطلاع مویشی منڈی میں موجود سیکیورٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو دی جائے گی۔

اس موقع پر مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر شہاب علی بتایا کہ گزشتہ سال مویشی منڈی سے خریداروں سے قربانی کے جانور کو باہر لے جانے اور گاڑیوں پر چڑھنے کیلیے بنائے جانے والے ریمپ کے نام پر 200 روپے بٹورے گئے تھے تاہم اس بار ایسا نہیں ہوگا جبکہ خریداروں کی سہولت کیلیے مویشی منڈی میں کئی مقامات پر قربانی کے جانوروں کو مال بردار گاڑیوں پر چڑھانے کے لیے ریمپ بنائے گئے ہیں جہاں سے وہ بغیر کسی ادائیگی کے اپنے جانور باآسانی گاڑیوں پر لاد کر گھروں کو لے جا سکیں گے اور اس حوالے سے مویشی منڈی ان کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔



شہاب علی نے بتایا کہ مویشی منڈی میں بیوپاریوں کو رقم جمع کرانے کے لیے ایک نجی بینک کا کاؤنٹر قائم کیا ہے جبکہ اے ٹی ایم مشین بھی نصب کی گئی ہے جہاں سے خریدار باآسانی رقم نکلوا سکیں گے ، انھوں نے بتایا کہ مویشی میڈی میں ایک شکایتی سیل بھی بنایا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہے گا اور بیوپاری یا کسی بھی خریداری کی جانب سے کی جانب والی جائز شکایت پر فوری ایکشن بھی لیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی کی حدود سے نکل کر سپر ہائی سے سہراب گوٹھ تک پولیس کا گشت اور پکٹ لگائی جائیں گی جبکہ مویشی منڈی سے نکل کر نیو کراچی جانے کے لیے استعمال کیے جانے والے راستے کی تمام جھاڑیوں کو بھی صاف کر دیا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں لائے جانے والے جانوروں کو دن میں 2 بار مفت پانی فراہم کیا جائے گا، انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں آنے والوں کی سہولت کیلیے بیت الخلا بھی بنائے گئے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ رواں سال مویشی منڈی میں موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے جبکہ کار کی 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔