ہنگرین آئل کمپنی مول کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

سیکیورٹی پرتشویش نہیں،گیس پیداوارمیں جلداضافہ ہوگا،کمپنی5نئے کنویں کھودے گی، ایگزیکٹووائس پریذیڈنٹ الیگزینڈر


Numainda Express/APP September 18, 2013
آئندہ سال مارگلہ بلاک میں ڈرلنگ شروع کرینگے،ابتدائی سرمایہ کاری 102 ملین ڈالرہوگی،شیل وٹائٹ گیس کی قیمتوں سے مطمئن ہیں،ایم ڈی جوہانس، پریس کانفرنس فوٹو: فائل

تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی ہنگری کی کمپنی مول گروپ کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ الیگزینڈر ڈاڈز نے پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کی صورتحال پر ہمیں کوئی تشویش نہیں، وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کے اقدامات پر اطمینان ہے۔

موجودہ بلاکس سے گیس کی پیداوار میں145 ایم ایم سی ایف ڈی کا جلد اضافہ ہوجائے گا۔وہ بدھ کو پریس کانفرنس کررہے تھے، اس موقع پر مول پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر فرانک جوہانس بھی موجود تھے۔الیگزینڈر ڈاڈز نے کہا کہ ان کی کمپنی 1999 سے پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہے اور اس وقت ہماری گیس کی پیداوار 300 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، پاکستان میں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور انہیں خطے میں انتہائی اہم مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منزلئی اور مکوڑی مشکل بلاکس ہیں، ہماری کمپنی جلد ہی 5 نئے کنوؤں کی کھدائی کرے گی۔



ٹل بلاک میں بھی ہم تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں اور ہماری سرگرمیاں کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی نیا بلاک تکنیکی لحاظ سے سود مند ہوا اس میں سرمایہ کاری کرینگے۔ اس موقع پر فرانک جوہانس نے کہا کہ آئندہ سال سے ہم مارگلہ بلاک میں ڈرلنگ شروع کریں گے اور ہماری ابتدائی سرمایہ کاری 102 ملین ڈالر ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے شیل گیس اور ٹائٹ گیس پالیسی سمیت جس نئی پٹرولیم پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے اور جو قیمتیں مقرر کی گئی ہیں وہ حوصلہ افزا ہیں۔