گویائی و سماعت سے محروم افراد کیلئے منفرد سہولت متعارف

سماعت اور بولنے سے محروم افراد سے سائن لینگویج میں بات کرنے کیلیے سروس سینٹر پر خصوصی نمائندے ہوں گے


ویب ڈیسک September 24, 2026

پاکستان میں کام کرنے والی ایک موبائل سروس کمپنی نے سماعت سے محروم صارفین کے لیے اپنے کسٹمر سروس سینٹرز میں اشاروں کی زبان کی سہولت متعارف کرادی ہے، جس کے تحت ایسے صارفین اب اپنی شکایات اور سروس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اشاروں کی زبان کے ذریعے براہ راست رابطہ کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اشاروں کی زبان میں بات کرنے کی یہ سہولت سائلا کے تعاون سے کراچی، اسلام آباد، لاہور میں مخصوص سینٹرز پر شروع کی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق اقدام کا مقصد سماعت سے محروم افراد کے لیے کسٹمر سروس تک رسائی آسان بنانا اور انہیں سروسز سے متعلق معلومات، شکایات اور دیگر معاملات میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سماعت سے محروم افراد کو روزمرہ خدمات کے حصول میں ابلاغ سے متعلق مشکلات کا سامنا رہتا ہے، اسی تناظر میں کسٹمر سروس مراکز پر اشاروں کی زبان کے ذریعے معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس سہولت کے تحت اشاروں کی زبان استعمال کرنے والے صارفین کسٹمر سروس نمائندوں سے اپنے سوالات، شکایات اور اکاؤنٹ سے متعلق معاملات پر معاونت حاصل کرسکیں گے۔

زونگ نے کہا ہے کہ یہ اقدام سماعت سے محروم افراد کے لیے خدمات تک رسائی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے اور مستقبل میں اسے مزید مراکز تک وسعت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔