بھارت میں 3 مسلمان پاکستان کیلیے جاسوسی کے جھوٹے الزام میں گرفتار

مہتاب، خالد اور راغب بھارتی فوجی کیمپ کے نزدیک زیر تعمیر عمارت میں مزدوری کرتے تھے


ویب ڈیسک August 03, 2019
مہتاب، خالد اور راغب بھارتی فوجی کیمپ کے نزدیک زیر تعمیر عمارت میں مزدوری کرتے تھے۔ فوٹو : فائل

بھارت میں 3 مسلمان مزدوروں کو پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہریانہ میں بھارتی فوجی کیمپ کے نزدیک ایک کثیر المنزلہ عمارت میں کام کرنے والے 3 مسلمان مزدوروں کو جاسوسی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ مہتاب، 25 سالہ خالد اور 34 سالہ راغب کے موبائل فون میں فوجی کیمپ کے مختلف حصوں اور فوجی اہلکاروں کی ویڈیو اور تصاویر موجود ہیں جو انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعے پاکستان بھیجیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تینوں دوست مزدوری کے غرض سے ہریانہ میں موجود تھے، پولیس جھوٹے الزامات لگا کر ہم غریب لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں اور اپنے پیاروں سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب جارحیت پسند مودی سرکار کے دور اقتدار میں کسی مسلمان پر جاسوسی کا الزام لگا کر استحصال کیا گیا ہو، بھارتی جیلوں میں اب بھی درجنوں مسلمان ان الزامات پر قید ہیں اور انصاف کے متلاشی ہیں۔