سلطان جوہر جونیئر ہاکی بلند عزائم لیے قومی ٹیم کی آج ملائیشیا روانگی

ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے،ایونٹ میں کارکردگی اچھی رہے گی(کپتان) کھلاڑی باصلاحیت اورفتح کی اہلیت رکھتے ہیں، کوچ


Sports Reporter September 19, 2013
ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے، ایونٹ میں کارکردگی اچھی رہے گی(کپتان)کھلاڑی باصلاحیت اورفتح کی اہلیت رکھتے ہیں، کوچ۔ فوٹو: فائل

تیسرے سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل کا بلند عزم لیے 18 رکنی قومی جونیئر ہاکی ٹیم جمعرات کی شب براستہ بنکاک ملائیشیا روانہ ہوگی۔

منتخب کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امین یوسف، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، محمد کاشف جاوید، عماد شکیل بٹ، زوہیب اشرف، محمد عمیر، عمر بھٹہ، محمد دلبر، علی شان، محمد سلمان، ارسلان قادر، احمد زبیر اور ایوب علی جبکہ آفیشلز میں منظورالحسن چیف کوچ و منیجر، دانش کلیم، انجم سعید کوچز و دیگر شامل ہیں۔ 22 سے 29 ستمبر تک شیڈول ایونٹ میں6 ٹیمیں میزبان ملائیشیاء، پاکستان، کوریا، برطانیہ، ارجنٹائن اور بھارت حصہ لیں گی،ابتدائی روز تین میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلا پاکستان اور کوریا، دوسرا انگلینڈ اور بھارت جبکہ آخری ملائیشیا اور ارجنٹائن کے درمیان ہو گا۔ دریں اثنا کپتان عمر بھٹہ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے کافی محنت کی،دورئہ یورپ میں سامنے آنے والی خامیوں کو بھی کافی حد تک دور کرلیا۔



امید ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت سے نہ صرف جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی بلکہ مخالف ٹیموں کی طاقت اور اپنی ٹیم کی کمزوریوں کا بھی اندازہ ہوگا۔ کپتان نے کہا کہ قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ منظور الحسن اپنے وقت کے نامور کھلاڑی رہے اور جونیئرز کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

چیف کوچ منظور الحسن نے کہا کہ گولڈ میڈل کے حصول کیلیے ملائیشیا جا رہے ہیں، جب بھی قومی کھیل زوال کا شکار ہوا میں نے کوچ کا عہدہ چیلنج کے طور پر قبول کیا اورمتعدد عالمی ایونٹس میں گرین شرٹس کا کامیابیاں دلائیں، انھوں نے کہا کہ جونیئر ٹیم میں شامل کھلاڑی باصلاحیت اور سلطان جوہر کپ میں شریک ٹیموں کو زیر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔