لیبیا میں شادی کی تقریب پر ڈرون حملے میں 40 افراد ہلاک

مبینہ طور پر باغی جنرل خلیفہ حفتر کے حامیوں نے شادی کی تقریب پر ڈرون حملہ کیا


ویب ڈیسک August 05, 2019
باغی جنرل خلیفہ حفتر کی 4 اپریل سے حکومت کے ساتھ محاذ آرائی میں ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ فوٹو : فائل

لیبیا میں حزب مخالف کی فورسز کے ایک شادی کی تقریب پر ڈرون حملے میں 40 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق خانہ جنگی سے متاثر لیبیا میں حکومتی اور حزب مخالف کی سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ واقعے میں خلیفہ حفتر کی حامی فورسز نے ایک شادی کی تقریب میں ڈرون گرادیا۔

مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ شادی کی تقریب میں ڈرون حملے میں 40 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 12 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں تاہم خلیفہ حفتر کی فورسز نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

باغی جنرل خلیفہ حفتر کے 4 اپریل سے حکومت کیخلاف محاذ آرائی کے آغاز سے اب تک 1 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر فریقین کے درمیان 11 اگست سے سیزفائر کی امید ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ لیبیا میں 41 سال تک بلا شرکت غیرے حکومت کرنے والے معمر قذافی کو 2011 میں خانہ جنگی کے دوران قتل کر دیا گیا تھا تاہم اب بھی معمر قذافی کے حامیوں اور اقوام متحدہ کے زیر انتظام حکومت کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔