شرجیل خان نے بحالی پروگرام میں شرکت کے لیے پی سی بی کو خط لکھ دیا

عباس رضا  منگل 6 اگست 2019
کرکٹ میں واپسی کے لیے شرجیل خان کو بحالی پروگرام میں شرکت کرنا ہوگی فوٹو: فائل

کرکٹ میں واپسی کے لیے شرجیل خان کو بحالی پروگرام میں شرکت کرنا ہوگی فوٹو: فائل

 لاہور: اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزا یافتہ شرجیل خان نے بحالی پروگرام میں شرکت کے لیے پی سی بی کو خط لکھ دیا ہے۔

پِی ایس سیزن 2 کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ شرجیل خان پر پابندی کی مدت 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے، اوپنر پر ڈھائی سال معطل سمیت 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی، بہتر رویہ کی وجہ سے معطل سزا کا اطلاق نہیں ہوا، کسی بھی سطح پر کرکٹ میں دوبارہ واپسی کے لیے شرجیل خان کو پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شرکت کرنا ہوگی، شرجیل خان نے اس کے لیے پی سی بی کو خط لکھ دیا ہے۔

شرجیل خان کو بحالی پروگرام میں اپنی غلطی کا برملا اعتراف کرنے کے ساتھ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے تحت پروگراموں میں نوجوان کرکٹرز کو فکسنگ سے بچاؤ کے لیے لیکچر بھی دینا ہوں گے۔

یاد رہے کہ اسی سپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کے ساتھ خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور محمد عرفان بھی سزا پا چکے، اسی کیس میں سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید پر بھی 10سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔