ایچ ای سی سندھ اسناد کی تصدیق کا عمل شروع نہ کرسکا

سندھ کے طلبا اسناد ایچ ای سی اسلام آباد بھیجنے پر مجبور، تصدیق میں ایک ماہ لگتا ہے


Safdar Rizvi September 20, 2013
سندھ کے طلبا اسناد ایچ ای سی اسلام آباد بھیجنے پر مجبور، تصدیق میں ایک ماہ لگتا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: اعلیٰ تعلیمی کمیشن سندھ کی جامعات کے طلبہ وطالبات کو سہولت دینے کے لیے کراچی سے اسناد کی تصدیق کا نظام وضع کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

ایچ ای سی سندھ کی جانب سے کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی ایچ ای سی کے ریجنل دفتر سے تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل شروع نہیں ہوسکا ہے جس سے سندھ بھر کی جامعات کے طلبہ وطالبات اپنی اسناد تصدیق کے لیے ایچ ای سی کے مرکزی دفتر اسلام آباد بھیجنے پر مجبور ہیں جس میں ایک ماہ کا عرصہ لگتا ہے۔

واضح رہے کہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے لیے جانے والے افرادکو تعلیمی اسناد کی ایچ ای سی سے تصدیق کرانی ہوتی ہے جس کے لیے سندھ بھر کے طلبہ وطالبات اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق کیلیے ایچ ای سی کے ریجنل دفتر کراچی سے رابطہ کرتے ہیں جس کے بعد ان کی اسناد اسلام آباد بھجوائی جاتی ہیں جس کے سبب سندھ کے طلبا کو دشواریاں پیش آتی ہیں۔



ایچ ای سی کے سابق سربراہ نے یکم جولائی سے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ریجنل دفتر کراچی سے سندھ کے طلبا کی اسناد کی تصدیق کا اعلان کیا تھا جس پر عمل نہ ہوسکا، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ریجنل ڈائریکٹر زاہد حسین دھاریجو کا کہنا ہے کہ ریجنل دفتر میں تعمیراتی کام جاری ہے جیسے ہی عمارت حوالے کی جائے گی اسناد کی تصدیق کا عمل کراچی سے شروع کردیا جائے گا۔

مقبول خبریں