اپریل تا جون 67 بینک برانچیں آن لائن اور 308 اے ٹی ایمز نصب

559 پوائنٹ آف سیل مشینوںکی بھی تنصیب، پلاسٹک کارڈز میں 2.5 فیصد اضافہ


Business Reporter September 20, 2013
موبائل سے 9.9 ارب روپے کا لین دین، سہ ماہی میں 87.49 ملین ای بینکاری سودے۔ فوٹو: فائل

ملک میں گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں 300 سے زائد اے ٹی ایم اور آن لائن برانچ نیٹ ورک میں درجنوں برانچوں کا اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ نظام ادائیگی کا جائزہ برائے چوتھی سہ ماہی کے مطابق 308 مشینوں کی تنصیب سے اے ٹی ایمز کی مجموعی تعداد 6757 ہوگئی، 67 مزید بینک برانچیں آن لائن برانچ نیٹ ورک میں شامل ہوئیں جس کے بعد اب 10013 برانچیں آر ٹی او بی خدمات فراہم کر رہی ہیں جبکہ ملک بھر میں بینک برانچوں کی مجموعی تعداد 10581 ہے۔

جائزے میں کہا گیاکہ جنوری تامارچ کے مقابل میں اپریل تاجون 2013 کی سہ ماہی میں صارفین کو جاری کردہ پلاسٹک کارڈز (کریڈٹ کارڈز، ڈیبٹ کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز، اسمارٹ کارڈز، اسلامک کریڈٹ کارڈز) کی تعداد 2.53 فیصد بڑھ کر2کروڑ 23 لاکھ 20 ہزار ہوگئی، پلاسٹک کارڈز میں اے ٹی ایم کارڈز کی تعداد سب سے زیادہ یعنی 4.56 فیصدکے اضافے سے 9 لاکھ 62 ہزار ہوگئی جبکہ تمام پلاسٹک کارڈز میں ڈیبٹ کارڈز کا بہ لحاظ تناسب سب سے بڑا حصہ ہے جو 90 فیصد سے زیادہ ہے۔



ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے کیے جانے والے سودوں میں بھی حجم اور قدر دونوں کے لحاظ سے اضافہ ہوا۔ جائزے کے مطابق مذکورہ سہ ماہی کے دوران ای بینکاری سودوں کا حجم 6.42 فیصد بڑھ کر 87.49 ملین ہوگیا، تمام ای بینکاری سودوں میں سہ ماہی بنیادوں پر موبائل سودوں میں سب سے زیادہ فیصد اضافہ ہوا، یہ سودے حجم کے اعتبار سے 18.05 فیصد بڑھ کر 1.32 ملین تک پہنچ گئے جبکہ تیسری سہ ماہی میں 1.12 ملین سودے ہوئے تھے، موبائل سودوں کی مالیت 34.35 فیصد بڑھ کر 9.9 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

جائزے کے مطابق ای بینکاری کے مجموعی سودوں میں حجم کے اعتبار سے اے ٹی ایم کے ذریعے لین دین کا تناسب سب سے زیادہ رہا جو 63.7 فیصد ہے جبکہ سودوں کی اوسط مالیت 10 ہزار 7 روپے رہی، تیسری سہ ماہی کے مقابلے میںاے ٹی ایم سے لین دین بہ اعتبار حجم 8 اور بہ اعتبار مالیت 8.02 فیصد بڑھا، اس دوران مزید 559 پوائنٹ آف سیل مشینیں نصب کی گئیں۔ زیر جائزہ سہ ماہی کے دوران آرٹی جی ایس کے تحت بڑی مالیت کی ادائیگیوں کا حجم 1 لاکھ 34 ہزار 738 رہا جس کی مجموعی مالیت 41.72 ٹریلین روپے رہی، تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں یہ حجم میں 11.02 اور مالیت میں 5.88 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔

مقبول خبریں