شاہ سلمان کی دعوت پر نیوزی لینڈ مساجد کے شہداء کے لواحقین کی مکہ آمد

سعودی فرماں روا نے شہداء کے 200 لواحقین اور متاثرین کے حج اخراجات کی مد میں 10 لاکھ پاؤنڈز اپنی جیب سے ادا کیے


ویب ڈیسک August 09, 2019
سعودی فرماں روا نے شہداء کے لواحقین کے حج اخراجات کی مد میں 10 لاکھ پاؤنڈ اپنی جیب سے ادا کیے۔ فوٹو : فائل

HYDERABAD/KARACHI: نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں سفید فام انتہا پسند آسٹریلوی شہری کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نمازیوں کے 200 لواحقین اور زخمی سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر حج کی ادائیگی کے لیے پہنچ گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر نیوزی لینڈ مساجد فائرنگ کے شہداء کے 200 لواحقین اور زخمیوں نے مکہ پہنچ کر مناسک حج کا آغاز کیا۔ یہ تمام افراد شاہ سلمان کے مہمان ہیں اور حج اخراجات کی مد میں سعودی فرماں روا نے اپنی جیب سے 10 لاکھ پاؤنڈز ادا کیے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : شاہ سلمان کی نیوزی لینڈ مساجد حملے کے متاثرین کو مفت حج کی پیشکش


کرائسٹ چرچ مساجد کے متاثرین کو سفارتی اہلکاروں نے ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا اور انہیں شاہی مہمان کے طور پر ٹھہرایا گیا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن سے گفتگو میں نیوزی لینڈ سے آنے والے حاجیوں نے شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کرائسٹ چرچ مساجد حملے کا ایک اور زخمی خالق حقیقی سے جا ملا


واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں نیوزی لینڈ میں سفید فام انتہا پسند نے نماز جمعہ کے موقع پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 51 نمازی شہید اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔