عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن؛ قربانیوں اور دعوتوں کا سلسلہ جاری رہا

ویب ڈیسک  منگل 13 اگست 2019
لوگوں نے اپنے پیاروں کے لیے لذیز کھانوں سے مزین دستر خوان بچھادیئے فوٹو: فائل

لوگوں نے اپنے پیاروں کے لیے لذیز کھانوں سے مزین دستر خوان بچھادیئے فوٹو: فائل

 کراچی: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی قربانی، ملنے ملانے اور دعوتوں کا سلسلہ جاری رہا۔

ملک بھر میں آج بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی اجتماعی اور انفرادی قربانی کا سلسلہ جاری رہا، کہیں قصابوں کی آؤ بھگت کی جارہی تھی تو کہیں گھر والوں اور لڑکے بالوں نے خود ہی کمر کس لی۔ قربانی سے فارغ ہوجانے والے افراد گوشت کی تقسیم میں مصروف رہے۔ اللہ کے جو بندے قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے وہ بھی عید الاضحیٰ کی خوشیوں میں برابر شریک ہیں۔ مستحق افراد کے گھروں میں بھی انواع و اقسام کے گوشت کی بہتات ہے۔

خواتین گوشت کو محفوظ کرنے اور مزے مزے کھانوں کے ذریعے گھر کے مردوں اور مہمانوں میں اپنی دھاک بٹھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اس سلسلے میں کہیں روایتی مصالحوں کا سہارا لیا جارہا ہے تو کہیں بازار میں دستیاب تیار مصالحوں سے ہی کام چلایا جارہا ہے، دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کا ذائقہ چاہتے ہیں، اس کے لیے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کرلی گئی ہیں۔

جن افراد نے عیدالاضحیٰ کے پہلے یا دوسرے دن ہی قربانی فریضہ سرانجام دے دیا وہ  مہمانوں کے استقبال اور عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف رہے، اس کے علاوہ عید کی چھٹیوں سے بھرپور لطف اٹھانے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا بھی رخ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔