115منشیات کے اڈے85تھانوں کی سرپرستی میں چل رہے ہیں رپورٹ آئی جی کو ارسال

منشیات کے اڈوں سے تھانوں کو ماہانہ اور ہفتہ وار لاکھوں روپے کی آمدن ہونے لگی


Staff Reporter September 22, 2013
سرپرست پولیس اہلکاروں کی فہرست ارسال،ضلع ایسٹ 28، ملیر29،سینٹرل19اورسائوتھ میں39 منشیات کے اڈے چلنے لگے، فوٹو: فائل

شہر کے 85 تھانوں کی حدود میں پولیس کی سر پرستی میں چلنے والے 115 منشیات کے اڈوں کی فہرست ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ارسال کر دی گئی۔

منشیات کے اڈوں سے متعلقہ تھانے کی پولیس کو ماہانہ اور ہفتہ وار لاکھوں روپے کی آمدنی ہوتی ہے جبکہ سب سے زیادہ منشیات کے اڈے ساؤتھ زون میں قائم ہیں، رپورٹ میں منشیات کے اڈوں کی سر پرستی کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے،پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے تعاون سے فہرست مرتب کی گئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ شہر میں پولیس اہلکاروں کی سر پرستی میں115منشیات کے اڈے چل رہے ہیں جس میں ضلع ایسٹ میں28، ملیر 29، سینٹرل میں 19اور ضلع سائوتھ میں سب سے زیادہ 39 منشیات فروشی کے اڈے چلائے جا رہے ہیں اور ان تمام اڈوں کو قانون کے محافظوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

ضلع ایسٹ کے گلستان جوہر تھانے میں 3 کھوکرا پار تھانے کی حدود میں 2،جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں 3 ، شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود میں ایک، زمان ٹائون تھانے کی حدود میں3، کورنگی تھانے کی حدود میں2، کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں5 ، سعود آباد تھانے کی حدود میں ایک، سولجر بازار میں ایک، بریگیڈ تھانے کی حدود میں 2 ، پی آئی بی کالونیمیں ایک، عزیز بھٹی میں ایک، نیو ٹائون میں ایک اور فیروز آباد تھانے کی حدود میں2 منشیات کے اڈے چلائے جارہے ہیں۔



ضلع ملیر کے شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں3، قائد آباد تھانے کی حدود میں4 ،اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود میں2، ملیر سٹی تھانے کی حدود میں12، شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود میں2، سکھن تھانے کی حدود میں2، گڈاپ سٹی میں2، گلشن معمار میں 2 منشیات کے اڈے قائم ہیں،ضلع سائوتھ میں میٹھادر تھانے کی حدود میں ایک، پریڈی میں ایک، سول لائن میں ایک، آرام باغ کی حدود میں ایک، صدر میں ایک، محمود آباد میں4، بلوچ کالونی میں2، فیریئر تھانے کی حدود میں ایک، چاکیواڑہ تھانے کی حدود میں6 ،کلاکوٹ تھانے کی حدود میں 4 ، کلری تھانے کی حدود میں4 ، بغدادی تھانے کی حدود میں5، نیپئر تھانے کی حدود میں3 ، گارڈن تھانے کی حدود میں3 اور نبی بخش تھانے کی حدود میں2 منشیات کے اڈے چلائے جا رہے ہیں،ضلع سینٹرل کے پاپوش نگر تھانے کی حدود میں3، شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں ایک، نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں ایک، تیموریہ تھانے کی حدود میں ایک، نارتھ ناظم آباد تھانے کی حدود میں ایک، سرسید تھانے کی حدود میں2، حیدری مارکیٹ تھانے کی حدود میں2، رضویہ تھانے کی حدود میں3، ناظم آباد تھانے کی حدود میں4 اور عزیز آباد تھانے کی حدود میں3 منشیات کے اڈے قائم ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تیار کردہ فہرست میں منشیات کے اڈے چلانے والوں کے نام اور منشیات کے اڈوں کا مقام، تھانوں کے نام اور ان پولیس اہلکاروں کے نام بھی شامل ہیں جن کی سر پرستی میں یہ منشیات کے اڈے چلائے جا رہے ہیں، پولیس ذرائع نے بتایا کہ منشیات کے اڈوں پر مشتمل رپورٹ کراچی پولیس کے سربراہ کو ارسال کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ منشیات کے اڈے چلانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے جس پر کراچی پولیس کے سربراہ نے تینوں زونل ڈی آئی جیز،پانچوں اضلاع کے ایس ایس پیز ، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ جن تھانوں کی حدود میں منشیات کے اڈے قائم ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور منشیات کے اڈوں کی سر پرستی کرنے والے پولیس اہلکاروں سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے جبکہ منشیات کے اڈوں کے خاتمے سے متعلق سرٹیفیکٹس بھی پیش کر نے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔