کوریا اوپن سیمی فائنل میں فرانسسکا شیوانے کی شامت آگئی

اناستاسیا پاولی چنکووا نے ڈھائی گھنٹوں تک تگنی کا ناچ نچا کرفائنل میں جگہ بنالی


AFP September 22, 2013
ارنیسٹ گلبز اور گلیمروگارشیا لوپز کے درمیان سینٹ پیٹرزبرگ ایونٹ کا فائنل ہوگا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

کوریا اوپن کے سیمی فائنل میں فرانسسکا شیوانے کی شامت آگئی، اناستاسیا پاولی چنکووا نے ڈھائی گھنٹوں تک اطالوی حریف کو تگنی کا ناچ نچا کر خود فائنل میں جگہ بنالی، ٹرافی کے لیے پولش ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈ وانسکا کو پچھاڑنا ہوگا۔

دوسری جانب سینٹ پیٹرزبرگ ایونٹ کا فائنل ارنیسٹ گلبز اور گلیمرو گارشیا لوپز کے درمیان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سیئول میں جاری کوریا اوپن فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ گیا، فائنل میں پولینڈکی ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کا مقابلہ روس کی تھرڈ سیڈ اناستاسیا پاولی چنکووا سے ہوگا، ریڈوانسکا کو سیمی فائنل میں اپنی اسپینش حریف لارا آروبیرینا کو 6-0 اور 6-2 سے قابو کرنے میں ایک گھنٹے سے کچھ وقت زیادہ لگا، دوسرے فائنل فور میچ میں اناستاسیا نے اٹلی کی شیوانے کو خوب پریشان کیا، دونوں کے درمیان ڈھائی گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا، روسی پلیئر نے 7-6 (13/11)، 7-6(8/6) سے حریف کو زیر کیا۔



اناستاسیا نے کہاکہ سچ بات تو یہ ہے کہ میں خود بھی اس مقابلے میں کافی تھک گئی، مجھے خوشی ہے کہ فائنل پہنچ چکی مگر ابھی تک شیوانے سے مقابلے کے بارے میں ہی سوچ رہی ہوں، انھوں نے کہا کہ پہلے سیٹ میں کامیابی کے باوجود میں اچھی طرح جانتی تھی کہ اگر دوسرے میں حریف کو تھوڑی سی بھی ڈھیل دی تو پھر گیم میں واپس نہیں آ پائوں گی۔دوسری جانب سینٹ پیٹرز برگ میں جاری اے ٹی پی ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں لٹویا کے 6 سیڈ ارنیسٹ گلبز نے پولش پلیئر مائیکل پریزینسی کو 6-3 اور 6-3 سے زیر کیا، دوسرے فائنل فور میچ میں عالمی درجہ بندی میں 74 ویں نمبر پر موجود لوپز نے پرتگال کے جواسوسا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-1 اور 6-1 سے قابو کرکے فائنل میں جگہ پکی کی۔