اجیت چنڈیلا کی بھی طلبی تاحیات پابندی کا امکان

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹر 29 ستمبرکوروی سوانی سے ملیں گے


Sports Desk September 23, 2013
اسکینڈل میں ملوث دیگر چار پلیئرز کو سزائیں سنادی گئی ہیں۔ فوٹو : فائل

KARACHI: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث راجستھانی پلیئر اجیت چنڈیلا کو بھی تاحیات پابندی کا امکان ہے۔

بھارتی بورڈ نے اس کیس میں انھیں طلب کرلیاتاکہ ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جاسکے، نوجوان کرکٹر کئی ماہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد سردست ضمانت پر ہے، بی سی سی آئی کی جانب سے ہونے والی گذشتہ ڈسپلنری سماعت کے موقع پر چنڈیلا غیرحاضر رہے تھے،جس میں اس اسکینڈل میں ملوث دیگر چار پلیئرز کو سزائیں سنادی گئی ہیں۔



چنڈیلا 29ستمبر کو نئی دہلی میں بھارتی بورڈ کے قائم کردہ اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے سربراہ روی سوانی سے ملاقات کریں گے، تاہم ابھی تک چنڈیلا کا فیصلہ نہیں ہوپایا ہے، رپورٹس کے مطابق انھیں بھی اپنے دیگر دو ساتھی کرکٹرز کی طرح زندگی بھر کیلیے کرکٹ سے دور کردیا جائیگا، چنڈیلا سے ملاقات کے بعد روی سوانی اپنی رپورٹ بی سی سی آئی کو جمع کرادیں گے، جس کے بعد یہ معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے پاس آجائیگا، تاہم کمیٹی اپنے سامنے پلیئر کو اپنی صفائی پیش کرنے کا ایک موقع دے گی اور پھر اس کی موجودگی میں ہی اپنا فیصلہ صادر کردے گی۔