اناستاسیا کیخلاف اعصاب کی جنگ ریڈوانسکا نے جیت لی

ٹوکیو اوپن میں وینس ولیمز،سلونی اسٹیفنز، سمانتھا اسٹوسر، سورانا کرسٹیا اور کرسٹین فلپکنز نے ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا


Sports Desk September 23, 2013
ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا سیئول ویمنز ٹینس کی وننگ ٹرافی چوم رہی ہیں، فوٹو: اے ایف پی

سیئول ویمنز ٹینس کے فائنل میں اناستاسیا پاولیچنکووا کیخلاف اعصاب کی جنگ اگنیسکا ریڈوانسکا نے جیت لی۔

میٹز میں آل فرانس فائنل میں جائلز سیمون نے ٹاپ سیڈ جوئے ولفریڈ سونگا کو ٹھکانے لگادیا، جائلز نے 11 ٹائٹلز جیت کر ہموطن گوئے فورگیٹ کا ملکی ریکارڈ برابر کردیا، تاہم یانیک نوہاہ کے 23 ٹائٹل کا ریکارڈ ان کی دسترس سے بہت دور ہے،ٹوکیو اوپن میں امریکی اسٹارز وینس ولیمزاور سلونی اسٹیفنز کے علاوہ سمانتھا اسٹوسر، سورانا کرسٹیا اور کرسٹین فلپکنز نے ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا، جرمن پلیئرز مونا بارتھیل اور جولیا گوریجس کو ناکامی کا سامنا رہا۔تفصیلات کے مطابق پولینڈ کی ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے سیئول ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا، انھوں نے فائنل میں روسی حریف اناستاسیا پاولیچنکووا کیخلاف 6-7(6/8) ، 6-3 اور 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔

دو گھنٹے 45 منٹ جاری رہنے والے مقابلے کے پہلے سیٹ میں دونوں پلیئرز نے ایک، ایک پوائنٹ کیلیے بھرپور جنگ کی، اناستاسیا پہلے سیٹ میں 0-3 کے خسارے کے بعد مقابلے میں واپس آئیں اور پھر ٹائی بریک پر یہ سیٹ بھی جیتا، ریڈوانسکا نے ٹائٹل جیتنے کے بعد کہا کہ ہمارے درمیان اعلیٰ معیار کی ٹینس شائقین کو دیکھنے کو ملی، جس پر میں بہت خوش ہوں، یہ بہت کانٹے دار مقابلہ رہا۔ ٹوکیو میں شروع ہونے والے پین پیسفک اوپن ٹورنامنٹ میں وینس ولیمز، سمانتھا اسٹوسر، سلونی اسٹیفنز ، سورانا کرسٹیا اور کرسٹین فلپکنز نے ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا،اسٹوسر نے فرنچ حریف آلیز کورنیٹ کو 2-6، 6-4 اور 6-1 سے زیر کیا، سویٹلانا کزنٹسووا نے ارجنٹائن کی پائولا اور میچیا کو 6-1 اور 6-2 سے ٹھکانے لگایا۔



امریکی پلیئر سلونی اسٹیفنز نے سوئس حریف اسٹیفنی ووئجلز کو 6-3 اور 6-2 سے قابو کیا، بیلجین پلیئر کرسٹین فلپکنز نے جمہوریہ چیک کی باربورا زالووا اسٹرائیکوا کو مات دی، ان کی جیت کا اسکور 7-6(7/4) اور 7-5 رہا، ڈومنیکا سبولکووا نے ارسزیلا ریڈوانسکا کو 6-3،6-3 سے واپسی کا پروانہ تھمادیا، وینس ولیمز نے جرمن حریف مونا بارتھیل کو6-3 اور 6-1 سے قابو کیا، سورانا کرسٹیا نے جولیا گوریجس کیخلاف 6-4،6-4 کے یکساں اسکور سے فتح پائی، الینا سویٹولینا نے جاپانی حریف کرومی نارا کو 2-6، 7-5 اور6-3 سے ہرادیا، جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے پولونا ہرسیوگ کو سخت مقابلے کے بعد 6-4، 6-7 (6/8)، 7-6(7/2) سے زیر کرلیا۔

دوسری جانب سیکنڈ سیڈ فرانس کے جائلز سیمون نے میٹز اے ٹی پی ایونٹ کے فائنل میں ہموطن جوئے ولفریڈ سونگا کو 6-4 اور 6-3 سے مات دے دی، انھوں نے کیریئر کی 11 ویں ٹرافی قبضے میں کرنے کیلیے بھرپور فائٹ کی، گھٹنے کی انجری سے دوچار سونگا تقریباً تین ماہ بعد اپنا پہلا ایونٹ کھیل رہے تھے، سیمون کو ایونٹ میں وائلڈ کارڈ پلیئر کے طور پر انٹری دی گئی تھی، وہ سیزن میں وائلڈ کارڈ انٹری کے باوجود ٹائٹل جیتنے والے چوتھے پلیئر بنے، ان سے قبل ارجنٹائن کے جوآن مناکو نے ڈیسلڈورف، فرانس کے نکولس مہاٹ نے نیوپورٹ میں اور ارجنٹائن کے ہی جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے واشنگٹن میں اس طرح شامل ہونے کے باوجود ٹائٹل اپنے نام کیاتھا، سیمون نے 11ٹائٹل جیت کر ہموطن گوئے فورگیٹ کا ملکی ریکارڈ برابر کردیا، تاہم یانیک نوہاہ کے 23 ٹائٹل کا ریکارڈ ان کی دسترس سے بہت دور ہے۔