بھارت کو رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ایشیا کپ جتوانے والے کپتان سوریا کمار یادیو کو بھارتی ٹیم کے بعد ڈومیسٹک ٹیم سے بھی نکال دیا گیا۔
سابق کپتان کی رانجی ٹرافی میں واپسی کا معاملہ سلیکٹرز کے فیصلے کے باعث توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دستیابی کی تصدیق کے باوجود سوریا کمار کو ممبئی کے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جو 11 اکتوبر کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں چندی گڑھ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے یادیو سے ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی۔
تاہم چیف سلیکٹر راجیش پوار کا کہنا ہے کہ 36 سالہ بیٹر نے تقریباً ڈیڑھ سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی اس لیے انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے سے قبل میچ پریکٹس کی ضرورت ہے۔
یادیو نے گزشتہ رانجی سیزن میں تین میچز کی پانچ اننگز میں 109 رنز بنائے تھے جس میں دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔
ممبئی کی قیادت سدھیش لاڈ کریں گے جبکہ انڈر 19 ورلڈکپ کے فاتح کپتان آیوش ماتھرے نائب کپتان ہوں گے۔ یشسوی جیسوال بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
یادیو کے لیے رانجی ٹرافی میں واپسی اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ اب بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے بھی محروم ہوچکے ہیں اور آئی پی ایل ان کا واحد باقاعدہ فارمیٹ رہ گیا ہے۔